معاشرے میں اساتذہ کا کردار کلیدی ہے،لعل جان موسیٰ خیل

ژوب (این این آئی) عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر محکمہ تعلیم کی جانب سے گورنر بلوچستان کے مالی تعاون سے گورنمنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری اسکول ڑوب میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع بھر سے سو سے زائد محنتی اور قابل اساتذہ کو بہترین کارکردگی کی بنیاد پر شیلڈز سے نوازا گیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنر بلوچستان کے فرزند بیرسٹر شیخ امیر خان مندوخیل تھے۔ تقریب میں ڈویژنل ڈائریکٹر لعل جان موسیٰ خیل، ڈائریکٹر یونیورسٹی کالج ڑوب بیوٹمز ڈاکٹر عبدالسلام لودھی، پرنسپل ماڈل اسکول تازہ خان ناصر، ڈی او ای وزیر خان ناصر، وائس پرنسپل عبدالغفار مندوخیل، اسسٹنٹ ڈائریکٹر شائستہ خان مندوخیل، تحصیلدار جمیل الرحمن، سابق ڈی ڈی او عبدالطیف مندوخیل، صدر ایپکا ملک صحبت خان مندوخیل، پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے صدر نورالامین سمیت محکمہ تعلیم کے آفیسروں، پروفیسرز، اساتذہ تنظیموں کے نمائندگان، ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ کے افسران، ہیڈماسٹرز، سینئر اساتذہ، ایس بی کے اور کنٹریکٹ اساتذہ، مجلسِ علمی کے نمائندگان، سماجی رہنماوؤں اور صحافیوں نے شرکت کی۔ تقریب کے آغاز میں مہمانوں کو روایتی پگڑیاں پہنائی گئیں۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر شیخ موسیٰ خان مندوخیل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر کے تقریباً دو ہزار اساتذہ میں سے سو سے زائد اساتذہ کو بہترین کارکردگی کی بنیاد پر شیلڈز دے کر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں میں تقریباً چالیس ہزار بچے زیرِ تعلیم ہیں جبکہ ضلع کے نجی تعلیمی اداروں میں بھی تقریباً بیس ہزار بچے زیرِ تعلیم ہیں۔ ایس بی کے اور کنٹریکٹ اساتذہ کی تعیناتی کے بعد دور دراز علاقوں کے غیر فعال اسکول فعال ہوگئے ہیں۔ ضلع میں تعلیم کے فروغ اور تعلیمی نظام میں مزید بہتری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے تقریب کے انعقاد پر منتظمین اور گورنر بلوچستان کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالسلام لودھی، انتظامی آفیسر جمیل الرحمن، پرنسپل تازہ خان ناصر، پاکستان مسلم لیگ کے صدر رحیم مندوخیل، صدر گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن سید مشہود شاہ اخوندزادہ اور قدیم خان مندوخیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر تقریب کے انعقاد کا مقصد تعلیم جیسے مقدس پیشے سے وابستہ ان اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے، جن کی محنت، لگن اور قربانیوں کے نتیجے میں دور دراز علاقوں میں کئی دہائیوں سے غیر فعال اسکول دوبارہ فعال ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے اساتذہ انتہائی نامساعد حالات اور مختلف مسائل کا سامنا کرتے ہوئے اپنی تدریسی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ معاشرے میں اساتذہ کا کردار کلیدی ہے اور علم کی روشنی پھیلانے میں ان کی خدمات بنیادی اہمیت رکھتی ہیں۔ مقررین نے کہا کہ ملکی ترقی کا دارومدار تعلیم کے فروغ پر ہے۔ ترقی یافتہ معاشروں میں استاد کو اعلیٰ مقام حاصل ہے، لیکن بدقسمتی سے ہمارے ہاں اساتذہ مشکلات سے دوچار ہیں۔مقررین نے کہا کہ عالمی یومِ اساتذہ ہمیں یہ احساس دلاتا ہے کہ تدریس محض ایک پیشہ نہیں بلکہ ایک مقدس ذمہ داری بھی ہے۔ قوم کی تعمیر و ترقی میں اساتذہ کے کردار کو بنیادی قرار دیتے ہوئے مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اساتذہ کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔گورنر بلوچستان کے فرزند بیرسٹر امیر خان مندوخیل نے اساتذہ کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ محض تعلیم دینے والے نہیں بلکہ کردار سازی اور اخلاقی تربیت کے علمبردار بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ گورنر بلوچستان مختلف ادوار میں وزارتوں میں شامل رہے ہیں اور انہوں نے صوبے خصوصا اپنے حلقے میں تعلیمی ترقی کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی، جبکہ آئندہ بھی تعلیم کے شعبے کی ترقی کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں اور شرکاء میں سووینئرز بھی تقسیم کیے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں