کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی رہنماحاجی خان محمدبڑیچ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی شہداء کی جماعت ہے جس نے ہمیشہ جمہوریت کے فروغ اور عوام کی فلاح کیلئے کام کیاہے، پیپلزپارٹی کی حکومت صوبے میں بلاول بھٹو زرداری کے عوامی منشور پر عمل پیرا ہے اور عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔یہ بات انہوں نے یہاں ملاقات کرنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پرپیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما حاجی اختر بلوچ، شاہجہان گجراوردیگر بھی موجود تھے۔حاجی خان محمد بڑیچ نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی عوام کی جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوام کے حقوق کی جدوجہد کی ہے، پیپلزپارٹی نے الیکشن میں جن نعروں پر ووٹ لیا انہیں ہمیشہ عملی جامہ بھی پہنایاہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت صوبے میں بلاول بھٹو زرداری کے عوامی منشور پر عمل پیرا ہے اور عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کررہی ہے اورعوام سے انتخابات کے دوران جو وعدے کئے گئے تھے انہیں پورا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ،پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جس نے پاکستان کاآئین 18ویں ترمیم کے ذریعے مکمل کیا، بلوچستان پیکج دیا اور صوبوں کوخودمختار بنایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے شہید قائدین شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی سیاسی تاریخ ایک روشن باب کی طرح پورے پاکستان کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی شہداء کی جماعت اور اس وقت ملک وقوم کی بقاء کیلئے برسرپیکار ہے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ملک و قوم یکجہتی کیلئے جدوجہد کی ہے اور کرتی رہے گی انتشار اور بلیک میلنگ کی سیاست کرنے والوں کو عوام پہچان چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی عوام کو اب کسی بھی قوم پرستی اور بلیک میلنگ کے نعروں سے ورغلایا نہیں جاسکتا،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بلوچستانی عوام اپنے حکومت اور ریاست کے ساتھ کھڑی ہے،دہشتگردوں کے سہولت کاروں اور انکے سیاسی آلہ کاروں کے منصوبے ناکام بنائیں گے۔

