جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کی مجلسِ عمومی کا اہم دستوری اجلاس (آج)ہوگا

کوئٹہ(این این آئی) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کی مجلسِ عمومی کا اہم دستوری اجلاس آج بروز جمعرات 8 اکتوبر 2026ء صبح 9 بجے جامعہ مطلع العلوم بروری روڈ میں ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبدالرحمن رفیق کی زیرِ صدارت منعقد ہوگا، جس میں مجلسِ عمومی کے تمام اراکین شرکت کریں گے۔ اجلاس میں ضلع کوئٹہ کی موجودہ جماعتی و تنظیمی صورتحال، مختلف یونٹوں کی کارکردگی، یونٹوں کو مزید فعال اور منظم بنانے، جماعتی نظم و ضبط کو مضبوط کرنے، عوامی رابطہ مہم کو مؤثر بنانے اور ضلع کوئٹہ کے مختلف علاقوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا جائے گا۔ اجلاس میں آئندہ کے جماعتی پروگراموں، یونٹ سطح پر تنظیمی سرگرمیوں میں تیزی لانے، کارکنوں کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط بنانے اور جمعیت علماء اسلام کو ضلع بھر میں مزید فعال و متحرک بنانے کے حوالے سے اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔ ضلعی سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس نے تمام اراکینِ مجلسِ عمومی سے اپیل کی ہے کہ وہ اجلاس میں بروقت اور بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں، کیونکہ مجلسِ عمومی جماعت کا اہم دستوری فورم ہے جہاں باہمی مشاورت کے ذریعے جماعتی معاملات اور عوامی مسائل کا جائزہ لیا جاتا ہے اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں