خاران ( رپورٹ محمدعیسی محمدحسنی) گورنمنٹ آف بلوچستان کے رائیز پروگرام کے تحت منعقدہ رخشان سپورٹس و کلچر فیسٹیول کا سب سے سنسنی خیز اور متوقع مرحلہ یعنی کرکٹ ٹورنامنٹ کا شاندار فائنل میچ انتہائی جوش و خروش کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ شائقین سے کھچا کھچ بھرے کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے اس فائنل معرکے میں خاران کی دو روایتی اور مضبوط حریف ٹیموں خاران گرین اور خاران وائٹ کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے میں آیا۔میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے اعلیٰ سطح کی اسپورٹس مین شپ، بہترین حکمتِ عملی اور زبردست جذبے کا مظاہرہ کیا۔ دونوں جانب سے شاندار بیٹنگ اور بالنگ کے مظاہرے پر گراؤنڈ میں موجود شائقینِ کرکٹ مسلسل تالیاں بجا کر کھلاڑیوں کو داد دیتے رہے۔ فائنل کے اس اعصاب شکن مقابلے میں خاران گرین نے بہترین آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خاران وائٹ کو شکست دے کر کرکٹ ٹورنامنٹ کی ٹرافی اپنے نام کر لی۔
فائنل میچ کے مہمان خاص ڈاکٹر عبدالصمد سنجرانی تھے ۔ڈاکٹر عبدالصمد سنجرانی نے فاتح ٹیم کو ٹرافی پیش کرتے ہوئے اور کامیاب کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا نوجوانوں کی کردار سازی اور ان میں مثبت سوچ بیدار کرنے کے لیے کھیل بے حد ضروری ہیں۔ اس طرح کے ایونٹس نوجوان نسل میں نظم و ضبط، صحت مند مسابقت اور ٹیم ورک کا جذبہ پیدا کرتے ہیں، جو ایک پرامن اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے۔ اس پروقار تقریب میں رائیز پروگرام کے ریجنل پروگرام کوآرڈینیٹر حاجی امیر حمزہ قمبرانی، مانیٹرنگ آفیسر سید یسین شاہ احسان، مختلف سرکاری دفاتر کے سربراہان، بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کی ضلعی ٹیم، ڈسٹرکٹ نیٹ ورک کے اراکین اور علاقے کے سرکردہ معتبرین سمیت کثیر تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مانیٹرنگ آفیسر سید یسین شاہ احسان نے ٹورنامنٹ کے اہداف پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا اس فیسٹیول اور کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کا بنیادی مقصد رخشان ڈویژن کے نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کے بھرپور مواقع فراہم کرنا ہے۔ ہمارے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں، اور حکومتِ بلوچستان کی یہ کوشش ہے کہ کھیلوں کے ذریعے ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کر کے انہیں معاشرے کا فعال اور مثبت رکن بنایا جائے۔واضح رہے کہ گورنمنٹ آف بلوچستان کا رائیز پروگرام اور بی آر ایس پی مشترکہ طور پر خطے میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور ثقافتی و ورزشی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔ رخشان سپورٹس اینڈ کلچر فیسٹیول میں کرکٹ کے علاوہ دیگر مقامی و روایتی کھیل اور ثقافتی پروگرام بھی شامل ہیں، جو مقامی نوجوانوں اور عوام کے لیے تفریح اور صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین ذریعہ ثابت ہو رہے ہیں۔

