ضلعی انتظامیہ کا غیرمعیاری آٹا فروخت کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن

کوئٹہ(این این آئی) سوشل میڈیا پر غیر معیاری آٹے کی فروخت سے متعلق سامنے آنے والی خبر پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو غیر معیاری آٹے کے خلاف مؤثر کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔وزیر اعلیٰ بلوچستان کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی سخت ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ کوئٹہ اور بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی مشترکہ ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں غیر معیاری گندم سے تیار کردہ آٹا فروخت کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کیں۔ان کارروائیوں کے دوران 24 افراد کو گرفتار کرکے جیل منتقل کیا گیا جبکہ 4 دکانیں سیل کر دی گئیں۔ متعدد دکانداروں کو سخت وارننگ بھی جاری کی گئی۔یہ کارروائیاں سریاب روڈ، کواری روڈ، قندہاری بازار، مسجد روڈ، سٹی کے مختلف ڈیپارٹمنٹل اسٹورز، ایئرپورٹ روڈ، عالمو چوک، نواں کلی، بھوسہ منڈی اور سرکی روڈ سمیت مختلف علاقوں میں کی گئیں۔کارروائیوں کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر (صدر) محمد یوسف ہاشمی، اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) محمد امیر حمزہ اور اسسٹنٹ کمشنر (سریاب) کیپٹن (ر) کبیر مزاری نے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کے ہمراہ کی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے واضح کیا کہ شہریوں کو معیاری اور محفوظ اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے غیر معیاری آٹا فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں