پسنی: کشتیوں پر VMS کی تنصیب لازمی قرار، ماہی گیروں کی حفاظت اور سمندری وسائل کے تحفظ پر زور

پسنی(رپورٹر) محکمہ فشریز بلوچستان نے سمندر میں ماہی گیروں کی حفاظت، کشتیوں کی نگرانی اور سمندری وسائل کے مؤثر تحفظ کے لیے ماہی گیری کی کشتیوں پر VMS (Vessel Monitoring System) کی تنصیب لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز پسنی کی جانب سے تمام کشتی مالکان اور ماہی گیروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی کشتیوں پر VMS کی بروقت تنصیب یقینی بنائیں۔
محکمہ فشریز کے مطابق VMS کی مدد سے سمندر میں موجود کشتیوں کی نگرانی بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ماہی گیروں کی حفاظت کو یقینی بنانے اور ہنگامی صورتحال میں بروقت امداد فراہم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ اس نظام سے سمندری وسائل کے مؤثر انتظام اور تحفظ میں بھی معاونت حاصل ہوگی۔
محکمہ فشریز نے کشتی مالکان پر زور دیا ہے کہ VMS نصب کروانے کے بعد اسے فعال حالت میں رکھیں اور اس کی مناسب دیکھ بھال اور حفاظت کو یقینی بنائیں۔
محکمہ فشریز نے تمام کشتی مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اقدام میں محکمہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور مقررہ وقت کے اندر اپنی کشتیوں پر VMS نصب کروائیں۔
محکمہ فشریز کے مطابق VMS کا مؤثر استعمال محفوظ سمندر اور محفوظ ماہی گیری کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں