سیوی (نامہ نگار) ورکنگ جرنلسٹ میڈیا گروپ کے صدر و بلوچستان میڈیا فورم کے مرکزی جنرل سیکرٹری میر اللہ داد رند اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری ندیم بابر مغل نے ایس ڈی پی او تلی میر محمد عارف مری سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ایس ایچ او تلی کمبیرخان اور نمائندہ ڈی آئی بی بھی موجود تھےملاقات میں علاقے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، عوام کو درپیش مسائل، جرائم کی روک تھام اور پولیس کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ایس ڈی پی او تلی میر محمد عارف مری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے دیہی علاقوں میں امن و امان کو خراب کرنے اور جرائم کی وارداتوں میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چارج سنبھالنے کے بعد ایک درجن سے زائد مفرور اور اشتہاری ملزمان سمیت چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا گیا ہے انہوں نے کہا کہ مل، تلی، چانڈیہ، خجک٬کٹ منڈھائی سمیت دیگر تھانوں کی حدود میں امن و امان کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی تاکہ عوام کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے میر محمد عارف مری کا کہنا تھا کہ پولیس اور عوام کے درمیان باہمی تعاون جرائم کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، شہری کسی بھی مشکوک سرگرمی یا جرائم سے متعلق اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے اس موقع پر ورکنگ جرنلسٹ میڈیا گروپ کے صدر میر اللہ داد رند اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری ندیم بابر مغل نے ایس ڈی پی او تلی میر محمد عارف مری کی جانب سے امن و امان کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحافی معاشرے میں امن، عوامی مسائل کی نشاندہی اور قانون کی بالادستی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے

