گوادر چیمبر کے وفد کی وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان صاحب سے اہم ملاقات

گوادر (رپورٹر) گوادر چیمبر کے صدر نوید کلمتی اور آل گوادر شپنگ کلیئرنگ فارورڈنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری انجنیئر حمید بلوچ نے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ملاقات کی جس میں گوادر پورٹ کے ذریعے سنٹرل ایشیائی ممالک کے ٹرانزٹ بزنس قانونی بارڈر ٹریڈ اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ سمیت تاجر برادری کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی
وفد نے مطالبہ کیا کہ سنٹرل ایشین ممالک کے ساتھ ٹرانزٹ تجارت گوادر پورٹ کے ذریعے کی جائے تاکہ گوادر پورٹ کو فعال بنانے کے ساتھ ساتھ بلوچستان میں معاشی سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع کو فروغ دیا جا سکے
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے اس حوالے سے اپنے اسپیشل سیکریٹری احمد خان کو بھی اجلاس میں طلب کیا انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ملک میں آنے والی گندم سمیت دیگر درآمدی اشیاء گوادر پورٹ کے ذریعے درآمد ہوں بارڈر ٹریڈ اور بالخصوص سنٹرل ایشیا کے ساتھ قانونی تجارت کو گوادر پورٹ سے منسلک کرنے کے لیے بھی بھرپور تعاون کیا جائے گا
جام کمال خان نے کہا کہ بلوچستان میرا گھر ہے اور ہماری خواہش ہے کہ بلوچستان کے نوجوان کاروبار کو ترجیح دیں اور معاشی سرگرمیوں میں آگے بڑھیں انہوں نے یقین دلایا کہ تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل اور گوادر میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے

اپنا تبصرہ بھیجیں