اوتھل: کمشنر لسبیلہ سائرہ عطاء بلوچ نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس کا افتتاح کرکے عہدے کا چارج سنبھال لیا، عوامی شکایات سیل قائم کرنے کا اعلان

لسبیلہ (رپورٹ بیوروچیف حفیظ دانش) لسبیلہ ڈویژن کے ہیڈکوارٹر اوتھل میں ڈسٹرکٹ کمپلیکس کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس کا باقاعدہ افتتاح کمشنر لسبیلہ سائرہ عطاء بلوچ نے فیتہ کاٹ کر کیا۔ اس موقع پر کمشنر آفس میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا بھی آغاز کیا گیا، جبکہ چیئرمین ضلع کونسل و چیف ٹرائبل سردار غلام فاروق شیخ نے کمشنر لسبیلہ سائرہ عطاء بلوچ کو کرسی پر بٹھایا، جس کے بعد انہوں نے باقاعدہ اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرا بلوچ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لسبیلہ سراج احمد بلوچ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو آفتاب احمد موندرہ، اسسٹنٹ کمشنر اوتھل میر من کاکڑ، اسسٹنٹ کمشنر کنراج کیشش چوہدری، تحصیلدار اوتھل حبیب اللہ کھوسہ، چیئرمین ضلع کونسل و چیف ٹرائبل سردار غلام فاروق شیخ، چیئرمین میونسپل کمیٹی اوتھل سید سومار شاہ کاظمی، سابق وائس چیئرمین ضلع کونسل و جام گروپ کے سینئر رہنما قادر بخش جاموٹ، وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی اوتھل وسیم احمد خاصخیلی، اسسٹنٹ میونسپل کمیٹی اوتھل عبداللہ رونجھو سمیت دیگر افسران اور معززین موجود تھے۔تقریب کے بعد کمشنر لسبیلہ سائرہ عطاء بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لسبیلہ میں عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا اور عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوامی مسائل کے حل میں غفلت برتنے والے افسران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ان کی تعیناتی کے بعد آج ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں باقاعدہ دفتر کا افتتاح ہوا ہے اور انہوں نے اپنے دفتر کا چارج سنبھال لیا ہے۔ اب لسبیلہ کے تمام علاقوں میں عوام کو درپیش مسائل کا جائزہ لے کر ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔کمشنر سائرہ عطاء بلوچ نے کہا کہ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے باقاعدہ شکایت سیل قائم کیا جائے گا، جہاں شہری اپنے مسائل سے متعلق آگاہ کر سکیں گے، جبکہ موصول ہونے والی شکایات کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی خصوصی توجہ صحت اور تعلیم کے شعبوں پر مرکوز ہے، کیونکہ یہ دونوں شعبے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ لسبیلہ یونیورسٹی کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی علاقے کے نوجوانوں کے لیے تعلیم کے حصول کا اہم ذریعہ ہے۔ والدین اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کی طرف راغب کریں تاکہ وہ تعلیم حاصل کرکے ڈگریاں اور ڈپلومے حاصل کر سکیں اور معاشرے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔کمشنر نے مزید بتایا کہ صنعتی شعبے سے متعلق بھی اجلاس کیے گئے ہیں اور لوکل انڈسٹری کی جانب سے ملنے والی رقم کو حب، لسبیلہ اور آواران میں سماجی کاموں کے لیے برابری کی بنیاد پر تقسیم کرنے کے حوالے سے اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کمشنر آفس کی موجودہ عمارت محکمہ فشریز کی جانب سے فراہم کی گئی ہے، تاہم اسے فعال بنانے اور دیگر انتظامات میں ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرا بلوچ نے اہم کردار ادا کیا ہے۔سائرہ عطاء بلوچ نے کہا کہ لسبیلہ دیگر علاقوں کی نسبت ایک پرامن خطہ ہے، تاہم ضرورت پڑنے پر امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ جہاں کسی چیک پوسٹ یا دیگر سکیورٹی انتظامات کی ضرورت محسوس ہوئی، وہاں متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر اقدامات کیے جائیں گے۔خواتین افسران کو درپیش مشکلات سے متعلق سوال کے جواب میں کمشنر لسبیلہ سائرہ عطاء بلوچ نے کہا کہ خواتین افسران کو فرائض کی انجام دہی کے دوران زیادہ چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ مرد افسران کو نسبتاً کم مشکلات پیش آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان چیلنجز کے باوجود خواتین افسران اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھانے کی بھرپور کوشش کر رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں