سعودی عرب میں پاکستانی افواج کی موجودگی تاریخ کا اہم موڑ اور دفاعی استحکام کی ضامن ہے،سینیٹر محمد عبدالقادر

کوئٹہ(این این آئی) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کی جانب سے سعودی عرب میں پاک فوج کے دستوں کی موجودگی اور ‘مکہ دفاعی معاہدے’ سے متعلق اہم بیان کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعلقات دہائیوں پر محیط اور لازوال ہیں، اور مکہ معاہدہ مسلم دنیا کے مشترکہ دفاع اور اسٹریٹجک خودانحصاری کی جانب ایک انقلابی قدم ہے۔ سینیٹر محمد عبدالقادر نے اپنے ایک اہم بیان میں کہا کہ ترجمان پاک فوج کا یہ واضح اعلان کہ پاکستانی عسکری دستے پہلے سے ہی سعودی عرب میں مختلف صلاحیتوں کے تحت خدمات انجام دے رہے ہیں، اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ہمیشہ سے حرمین شریفین اور سعودیہ کی سلامتی کو اپنی اولین ترجیح مانتا آیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ “مکہ دفاعی معاہدہ” پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ابھرتے ہوئے اسٹریٹجک تعاون کا عکاس ہے۔ دفاعی پیداوار کی کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اتحاد ناصرف خطے میں امن و امان قائم رکھنے اور مشترکہ خطرات کا مقابلہ کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا، بلکہ دفاعی پیداوار اور عسکری ٹیکنالوجی کے تبادلے میں بھی نئی راہیں کھولے گا۔سینیٹر محمد عبدالقادر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی سیکیورٹی پاکستان کی سیکیورٹی کے مترادف ہے اور پاکستان کے عوام اور مسلح افواج ہر مشکل گھڑی میں اپنے برادر اسلامی ملک کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں