کوئٹہ(این این آئی) ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر بلوچستان میر سیف اللہ خان کھیتران کی خصوصی ہدایت پر محکمہ سوشل ویلفیئر کے ویلفیئر ہوم فار بیگرز نے کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں پیشہ ور گداگروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 10 خواتین سمیت 13 افراد کو گرفتار کرلیا۔محکمہ سوشل ویلفیئر کے مطابق ڈائریکٹر جنرل میر سیف اللہ خان کھیتران نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ کوئٹہ شہر میں پیشہ ورانہ گداگری کے خاتمے، عوامی مقامات پر بھیک مانگنے والے افراد کی نشاندہی اور انہیں قانونی و فلاحی طریقہ کار کے تحت ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جائیں۔ڈی جی سوشل ویلفیئر کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ویلفیئر ہوم فار بیگرز کی ٹیم نے جمعرات کو کوئٹہ کے مختلف علاقوں جناح روڈ، قندھاری بازار، لیاقت بازار، پرنس روڈ، پٹیل روڈ، ڈبل روڈ اور سریاب روڈ (بس/کوچ گلی نمبر 1 اور 2) میں کارروائیاں کیں۔کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 13 پیشہ ور گداگر، جن میں 10 خواتین اور 3 مرد شامل ہیں، کو حراست میں لیا گیا، جنہیں ضروری قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانے منتقل کردیا گیا۔محکمہ سوشل ویلفیئر کے حکام کا کہنا ہے کہ پیشہ ور گداگری کے خلاف کارروائیوں کا مقصد شہر میں منظم گداگری کی حوصلہ شکنی کے ساتھ ساتھ ایسے افراد کی نشاندہی کرنا ہے جو حقیقی معنوں میں مدد اور بحالی کے مستحق ہیں۔ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر بلوچستان میر سیف اللہ خان کھیتران نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ پیشہ ور گداگروں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے اور اس ضمن میں قانون کے مطابق تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں، تاکہ کوئٹہ شہر کے اہم شاہراہوں، بازاروں اور عوامی مقامات کو پیشہ ور گداگری سے پاک کرنے میں مدد مل سکے۔

