وزیراعلیٰ مریم نواز نے سوشل سکیورٹی موبائل ہیلتھ پروگرام کا افتتاح کر دیا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سوشل سکیورٹی موبائل ہیلتھ پروگرام کا افتتاح کردیا۔ وزیراعلیٰ نے سوشل سکیورٹی موبائل ہسپتال، موبائل ڈینٹل ہسپتال، موبائل بائیکس اور سکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا۔

مریم نواز شریف نے موبائل بائیک پر موجود ادویات اور طبی آلات کے بارے میں بریفنگ لی اور بائیک پر موجود ڈیوائس کے ذریعے اپنا درجہ حرارت بھی چیک کیا۔ اس موقع پر انہیں سوشل سکیورٹی ہسپتال کی تصویری تاریخ پر مشتمل کافی ٹیبل بک بھی پیش کی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے نواز شریف سوشل سکیورٹی ہسپتال کی او پی ڈی اور رحمتہ اللعالمین کارڈیک سینٹر کا دورہ کیا۔ انہوں نے او پی ڈی میں موجود مریضوں سے گفتگو کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔

مریم نواز شریف نے موبائل ہسپتالوں کے عملے اور ڈاکٹرز سے بھی بات چیت کی جبکہ کارڈیالوجی سینٹر کے ڈاکٹرز اور عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے مطابق سوشل سکیورٹی پروگرام کے تحت 250 میڈیکل آؤٹ لیٹس کے ذریعے ورکرز کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ورکرز کو ان کی جائے کار پر جبکہ ان کے اہل خانہ کو گھر کی دہلیز پر طبی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں