بچیوں کی تعلیم پر توجہ دینا ایک ترقی یافتہ، باشعور اور خوشحال معاشرے کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہے،کرن بلوچ

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن (بی سی ایس ڈبلیو) کی چیئرپرسن کرن بلوچ نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے بچیوں کو تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچیوں کی تعلیم پر توجہ دینا ایک ترقی یافتہ، باشعور اور خوشحال معاشرے کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہر بچی کا بنیادی حق ہے اور معیاری تعلیمی سہولیات تک رسائی فراہم کرکے نہ صرف ان کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے بلکہ خواتین کو معاشی اور سماجی طور پر بااختیار بنانے کی راہ بھی ہموار کی جا سکتی ہے۔ بلوچستان کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ بچیوں کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے صوبے کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ کرن بلوچ نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں