ملک کو انتشار اور محاذ آرائی کے بجائے سیاسی استحکام اور معاشی ترقی کی ضرورت ہے،چوہدری نعیم کریم

کوئٹہ(این این آئی) پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن وپاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنما چوہدری نعیم کریم نے کہا ہے کہ ملک کو انتشار اور محاذ آرائی کے بجائے سیاسی استحکام اور معاشی ترقی کی ضرورت ہے احتجاج اور دھرنوں کے ذریعے معمولات زندگی متاثر کرنے کی سیاست سے عوام کے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ سیاسی ماحول میں مزید کشیدگی پیدا ہوتی ہے،وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر دوبارہ گامزن کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے لیکن بعض عناصر ملک کو ترقی یافتہ ہوتا نہیں دیکھنا چاہتے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی وفاقی حکومت وزیراعظم پاکستان کی قیادت میں ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کوساتھ لیکر چلنے پر یقین رکھتی ہے اور مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے متعدد بار تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنے کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسوقت کسی بھی سیاسی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا لیکن کچھ سیاسی جماعتیں ملک اور جمہوریت کو نقصان پہنچانے کے در پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام سیاسی جماعتوں سے اپنے مسائل کے حل، روزگار کے مواقع، بہتر سہولیات اور ملکی ترقی کے لیے عملی اقدامات کی توقع رکھتے ہیں۔ سیاست میں کامیابی کا معیار جلسوں، دھرنوں اور بلند وبانگ نعروں کے بجائے عوام کی خدمت اور عملی کارکردگی ہونا چاہیے سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے پر الزام تراشی کے بجائے اپنی کارکردگی عوام کے سامنے پیش کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو انتشار اور محاذ آرائی کے بجائے سیاسی استحکام اور معاشی ترقی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اوردیگراپوزیشن جماعتوں کو چاہئے کہ وہ فوری طور پراپنے دھرنے اور لانگ مارچ ختم کرکے مل بیٹھ کر ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے حکومت کا ساتھ دے۔انہوں نے کہا کہ اسوقت خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے اورآئے روز سیکورٹی فورسز اور عوام دہشت گردی کا نشانہ بن رہے ہیں ہمیں ملکر ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کو یقینی بنایا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں