کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان اکیڈمی فار کالج ٹیچرز (BACT)، کوئٹہ کے تربیتی شرکاء پر مشتمل ایک وفد نے آج آگاہی اور تعارفی پروگرام کے سلسلے میں NAB کمپلیکس کوئٹہ کا مطالعاتی دورہ کیا اور آگاہی سیشن میں شرکت کی۔وفد کا ڈائریکٹر آگاہی و انسدادِ بدعنوانی، جناب محمد سلیم احمد اور ان کی ٹیم نے ڈائریکٹر جنرل NAB بلوچستان کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا۔ دورانِ دورہ شرکاء کو قومی احتساب بیورو (NAB) کے طریق? کار اور امورِ کار کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں قومی احتساب آرڈیننس (NAO) 1999 کے تحت NAB کے مینڈیٹ، آگاہی (Awareness)، انسدادِ بدعنوانی (Prevention) اور نفاذِ قانون (Enforcement) پر مشتمل سہ جہتی حکمتِ عملی، شکایت کی تصدیق سے لے کر ریفرنس دائر ہونے تک کے مراحل، اور NAO میں حالیہ قانون سازی سے متعلق پیش رفت پر روشنی ڈالی گئی۔ڈپٹی ڈائریکٹر جناب شوکت سرپارا کی سربراہی میں ایک وفد نے آگاہی سیشن میں شرکت کی۔ وفد نے کارروائی میں حصہ لیتے ہوئے کالج اساتذہ اور طلبہ میں بدعنوانی کی روک تھام، شفافیت، دیانت داری اور اچھی حکمرانی کے فروغ کے حوالے سے آگاہی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔سیشن کے دوران کالج اساتذہ میں بدعنوانی کے اسباب اور اس کے منفی اثرات، سرکاری اداروں میں دیانت داری اور شفافیت کی اہمیت، اور معاشرے میں اخلاقی اقدار اور احتساب کے کلچر کے فروغ میں لیکچررز کے کردار کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔ مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ لیکچررز معاشرے کے بااثر ارکان ہونے کے ناطے نوجوان نسل میں ایمانداری، دیانت داری، ذمہ داری اور بدعنوانی کے خلاف عدم برداشت جیسے مثبت رویوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔شرکاء نے سیشن میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور طلبہ میں بدعنوانی کے تدارک کے اقدامات اور اخلاقی اقدار کے حوالے سے مزید آگاہی فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔سیشن کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن منعقد ہوا، جس کے دوران شرکاء کی جانب سے اٹھائے گئے مختلف سوالات کے جوابات دیے گئے۔ تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر آگاہی و انسدادِ بدعنوانی، جناب محمد سلیم احمد نے ڈپٹی ڈائریکٹر جناب محمد شوکت سرپارا کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر شرکاء کے ہمراہ گروپ فوٹو بھی بنوائی گئی۔

