اوتھل (این این آئی) کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء بلوچ نے کہا کہ حکومت کے محدود وسائل کے پیش نظر ہر نوجوان کو سرکاری نوکری دینا ممکن نہیں اس لئے ڈیٹا پروسیسنگ، آن لائن تجارت، موبائل مرمت، پلمبنگ، الیکٹریشن اور مقامی کڑھائی جیسے شعبوں میں تربیت فراہم کر کے نوجوانوں کو اپنے کاروبار شروع کرنے کے قابل بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس اوتھل میں نئے کمشنر آفس کا باقاعدہ افتتاح کرنے کے موقع پر صحافیوں سے تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے علاقے کی انتظامی اور معاشی صورتحال پر اہم روشنی ڈالی۔کمشنر لسبیلہ کا کہنا تھا کہ ڈویژن کی پائیدار ترقی، عوامی مسائل کے فوری حل اور نوجوان نسل کے روشن مستقبل کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مضبوط رابطہ کاری اور جامع حکمتِ عملی وقت کی اہم ضرورت ہے۔سائرہ عطاء بلوچ نے اس بات پر زور دیا کہ صرف سرکاری ملازمتوں پر انحصار کرنے کے بجائے نوجوانوں کو جدید ہنر اور فنی تربیت کی طرف راغب کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے محدود وسائل کے پیشِ نظر ہر فرد کو نوکری دینا ممکن نہیں اس لئے ڈیٹا پروسیسنگ، آن لائن تجارت، موبائل مرمت، پلمبنگ، الیکٹریشن اور مقامی کڑھائی جیسے شعبوں میں تربیت فراہم کر کے نوجوانوں کو اپنے کاروبار شروع کرنے کے قابل بنایا جائے گا۔ انہوں نے تعلیم اور صحت کو معاشرے کا بنیادی ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ دور دراز علاقوں کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ رہنمائی فراہم کرنے کے لئے یونیورسٹیوں کے دورے کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں کیریئر کونسلنگ سیشنز کا انعقاد بھی کیا گیا ہے، جس میں ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرا بلوچ کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔کمشنر لسبیلہ نے انتظامی بہتری کے حوالے سے بتایا کہ سیٹل اور اَن سیٹل اراضی کے تنازعات، تجاوزات اور ریونیو ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ شہروں میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی شفاف اور بروقت تکمیل کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے ڈویڑن میں امن و امان کی صورتحال کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی اداروں کے ساتھ باقاعدہ اجلاس منعقد کیے جاتے ہیں۔ سی پیک روٹس اور دیگر حساس تنصیبات و چیک پوسٹوں کی سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لئے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ کمشنر سائرہ عطاء بلوچ نے گزشتہ دو سالوں سے ضلع لسبیلہ میں انتظامی امور احسن طریقے سے چلانے اور فشریز ڈیپارٹمنٹ کی عمارت میں کمشنر آفس کو فعال بنانے پر ڈپٹی کمشنر حمیرا بلوچ کی محنت اور انتظامی صلاحیتوں کی بھرپور تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کا تعلق جنس یا عہدے سے نہیں بلکہ صلاحیت اور لگن سے ہوتا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ انتظامیہ، سیکیورٹی ادارے اور عوام مل کر لسبیلہ ڈویڑن کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

