وفاقی محتسب کی بروقت مداخلت پر خضدار کی غریب خاتون کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رکی ہوئی رقم مل گئی

خضدار (این این آئی)وفاقی محتسب اعلیٰ پاکستان کے احکامات اور عوامی مسائل کے فوری حل کی پالیسی کے تحت وفاقی محتسب ریجنل آفس خضدار نے ایک بار پھر غریب اور مستحق شہریوں کے لیے داد رسی کی روشن مثال قائم کر دی۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے معاشی حق سے محروم خاتون کو وفاقی محتسب کی کارآمد اور موثر مداخلت کے نتیجے میں فوری طور پر ان کی رکی ہوئی قسط فراہم کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق محلہ سیٹھ ماریا (خضدار) کی رہائشی مسماۃ بخت آور زوجہ عطا محمد نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے 14,500 روپے کی مستحقہ قسط جاری نہ ہونے پر وفاقی محتسب کے ریجنل آفس خضدار میں شکایت درج کرائی تھی۔ درخواست گزار خاتون طویل عرصے سے اپنے قانونی و مالی حق کے حصول کے لیے سرگرداں تھیں۔وفاقی محتسب کے ریجنل آفس نے معاملے کی حساسیت اور نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری نوٹس لیا اور بی آئی ایس پی کے متعلقہ حکام کو طلبی کے نوٹسز جاری کرتے ہوئے باقاعدہ سماعت کی تاریخ مقرر کی۔ دورانِ سماعت وفاقی محتسب کے افسران کی ٹھوس ہدایت اور سخت موقف کے نتیجے میں متعلقہ ادارے نے اپنی غفلت کا اعتراف کرتے ہوئے خاتون کو ان کے بننے والے 14,500 روپے موقع پر ہی بحفاظت ادا کر دیے اور کارروائی مکمل کی گئی۔رقم کے حصول کے بعد متاثرہ خاتون نے وفاقی محتسب اور ریجنل آفس خضدار کی کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ”وفاقی محتسب غریبوں کے لیے امید کی ایک حقیقی کرن ہے جہاں بغیر کسی خرچے اور وکیل کے انصاف ملا ہے۔”اس موقع پر وفاقی محتسب ریجنل آفس خضدار کی جانب سے عوام الناس کو آگاہ کیا گیا کہ تمام وفاقی سرکاری محکموں کی جانب سے کسی بھی قسم کی بدانتظامی، تاخیر یا بے جا رکاوٹ کی صورت میں شہری کسی بھی وقت وفاقی محتسب آفس سے رجوع کر سکتے ہیں، جہاں ان کے مسائل کا سستا، آسان اور فوری حل بلا تاخیر یقینی بنایا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں