چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد کا بی اے مال کوئٹہ کا دورہ،محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے نمائشی سٹال کا دورہ

کوئٹہ(این این آئی) چیئر مین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے بی اے مال کوئٹہ کے دورہ کے دوران محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے نمائشی اسٹال کا دورہ کیا، جہاں محکمہ کے افسران نے انہیں مختلف عوامی سہولیات، آن لائن ٹیکس نظام، منشیات کی روک تھام اور گاڑیوں کے کاغذات و دستاویزات سے متعلق امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر ایکسائز افسران نے آن لائن ٹیکس ادائیگی کے طریقہ کار اور جدید ڈیجیٹل سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا۔ بریفنگ میں گاڑیوں کی رجسٹریشن، ملکیت کی تصدیق، ضروری دستاویزات اور متعلقہ قانونی تقاضوں سے متعلق معلومات بھی فراہم کی گئیں افسران نے منشیات کی روک تھام کے لیے محکمہ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات اور اس سلسلے میں آگاہی و مؤثر نگرانی کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔دورے کے دوران معزز مہمانوں کو محکمہ کی خدمات اور عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، آن لائن خدمات کے فروغ اور عوامی آگاہی کے حوالے سے مختلف امور بھی پیش کیے گئے۔محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن عوام کو ٹیکس ادائیگی، گاڑیوں کی دستاویزات اور دیگر متعلقہ خدمات کے بارے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ڈیجیٹل نظام اور آگاہی اقدامات کو اہمیت دیتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں