لسبیلہ (رپورٹ بیوروچیف حفیظ دانش) لسبیلہ کےڈویژنل ہیڈکوارٹر اوتھل میں بکرے کے گوشت کی فروخت کے حوالے سے مبینہ طور پر ہیرا پھیری کی شکایات سامنے آنے لگی ہیں۔ عوامی حلقوں کی جانب سے یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا گوشت فروخت کرنے والوں کے ہاں بھی شہریوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے؟ شکایات کے مطابق بعض دکاندار صاحبِ حیثیت افراد کو صاف ستھرا گوشت فراہم کرتے ہیں، جبکہ غریب شہری جب گوشت خریدنے کے لیے دکانوں کا رخ کرتے ہیں تو انہیں مبینہ طور پر ایسا گوشت تھما دیا جاتا ہے جو کھانے کے قابل نہیں ہوتا۔ تاہم ذرائع کے مطابق گوشت خریدنے والے بعض شہریوں کو شکایت ہے کہ انہیں اپنی رقم کے عوض معیاری اور صاف گوشت نہیں ملتا، جس کے باعث وہ پریشانی کا شکار ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گوشت ایک بنیادی غذائی ضرورت ہے اور ہر شخص کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنی محنت کی کمائی سے خریدی گئی اشیائے خورونوش کا معیاری ہونا یقینی بنائے۔عوامی حلقوں کے مطابق اگر گوشت فروخت کرنے والے دکاندار واقعی خریداروں کی مالی حیثیت دیکھ کر گوشت فراہم کرتے ہیں تو یہ ایک تشویش ناک معاملہ ہے، جس کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ قانون اور اخلاقیات کا تقاضا ہے کہ ہر شہری کے ساتھ یکساں سلوک کیا جائے اور کسی بھی خریدار کو ناقص یا غیر معیاری گوشت فروخت نہ کیا جائے۔شہریوں نے متعلقہ انتظامیہ، محکمہ لائیو اسٹاک اور گوشت کی دکانوں کی نگرانی کرنے والے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اوتھل میں گوشت کی فروخت کے نظام کا جائزہ لیا جائے، دکانوں پر صفائی ستھرائی اور گوشت کے معیار کی جانچ کی جائے اور شکایات درست ثابت ہونے پر ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔عوامی حلقوں نے مزید مطالبہ کیا ہے کہ گوشت کی دکانوں پر باقاعدہ نگرانی کا نظام قائم کیا جائے تاکہ غریب اور متوسط طبقے کے شہریوں کو بھی معیاری اور صاف گوشت میسر آ سکے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں غریب عوام بڑی مشکل سے اپنے بچوں کے لیے گوشت خریدتے ہیں، لہٰذا ان کی مجبوری سے فائدہ اٹھانے کی کسی کو اجازت نہیں ہونی چاہیے۔اب دیکھنا یہ ہے کہ متعلقہ حکام اوتھل میں گوشت کی فروخت کے حوالے سے سامنے آنے والی شکایات کا نوٹس لیتے ہیں یا غریب شہری اسی طرح پریشانی کا شکار رہیں گے؟ عوام نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور شفاف تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

