سیوی (اللہ داد) ڈپٹی کمشنر سیوی میجر (ر) الیاس کبزئی نے کہا ہے کہ عوامی مفاد میں شروع کیے جانے والے ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی سست روی، غفلت اور غیر معیاری تعمیراتی سامان کا استعمال ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا تمام ترقیاتی اسکیمات کو مقررہ معیار اور طے شدہ مدت کے اندر مکمل کرنا متعلقہ محکموں اور ٹھیکیداروں کی ذمہ داری ہے تاکہ عوام ان منصوبوں کے ثمرات سے جلد مستفید ہوسکیں ڈپٹی کمشنر سیوی میجر (ر) الیاس کبزئی نے کرنل عبدالمنان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمد خان سیلاچی، ایس ڈی او پی ایچ ای گلاب خان، انجینئر محکمہ مواصلات و تعمیرات محمد انور مگسی، انجینئر محکمہ ایریگیشن خدائیداد مزری اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ بی ایس ڈی آئی (BSDI) فیز تھری کے تحت شروع ہونے والی مختلف ترقیاتی اسکیمات کا تفصیلی دورہ کیا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر جاری کام کا معائنہ کیا اور متعلقہ محکموں کے افسران سے منصوبوں کی پیش رفت، تعمیراتی معیار اور تکمیل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی انہوں نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت کی کہ تمام اسکیمات کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا جائے اور تعمیراتی کام میں استعمال ہونے والے سامان کے معیار پر خصوصی توجہ دی جائے۔
ڈپٹی کمشنر میجر (ر) الیاس کبزئی نے واضح کیا کہ بی ایس ڈی آئی فیز تھری کے تحت شروع ہونے والی اسکیمات عوامی ضروریات اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہیں، ان منصوبوں کی تکمیل میں کسی قسم کی کوتاہی یا تاخیر عوامی مفادات کے منافی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ ناقص میٹریل کے استعمال اور کام میں غیر ضروری تاخیر کا سختی سے نوٹس لیا جائے گا۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی نگرانی میں ترقیاتی کاموں کو تیزی سے آگے بڑھائیں اور تمام اسکیمات کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کریں تاکہ علاقے میں ترقیاتی عمل کو مؤثر بنایا جاسکے اور عوام کو بہتر بنیادی سہولیات میسر آسکیں

