کوئٹہ(این این آئی)درخواست گزار محمد داؤد نے بتایا کہ انکا شناختی کارڈ نادرا کی جانب سے 2015 سے بلاک کر دیا گیا تھا۔جس کی بحالی کے لیے وہ متعدد بار نادرا دفتر اور کمیٹیوں میں پیش ہوئے۔لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔لہذا، انصاف کے حصول کے لیے انہوں نے وفاقی محتسب ریجنل آفس کوئٹہ سے رابطہ کیا اور متعلقہ محکمے کی عدم توجہی اور تاخیر کے خلاف درخواست دائر کی۔درخواست موصول ہوتے ہی وفاقی محتسب کوئٹہ نے بروقت انکوائری کا آغاز کیا اور متعلقہ محکمے کو طلب کر کے کیس کی فوری سماعت کی۔سماعت کے دوران متعلقہ محکمہ کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔لہذا، وفاقی محتسب نے احکامات جاری کیے کہ درخواست گزار کا بلاک شدہ شناختی کارڈ فوری بحال کیا جائے۔احکامات موصول ہوتے ہی متعلقہ محکمے نے درخواست گزار کا بلاک شناختی کارڈ فوری بحال کر دیا۔اس بروقت اور منصفانہ فیصلے پر درخواست گزار نے وفاقی محتسب کا شکریہ ادا کیا۔

