انسداد پولیو مہم کے دوران کوئٹہ میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 29 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ

کوئٹہ(این این آئی) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت 2نومبر سے شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کے انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او)، نیشنل ای او سی، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں پولیو مہم کے مجموعی اہداف، سکیورٹی انتظامات، مائیکرو پلان، ٹیموں کی تعیناتی اور مہم کی مؤثر نگرانی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔حکام نے بتایا کہ مہم کے دوران کوئٹہ میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 29 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے لیے 1600 پولیو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں،جبکہ مہم کے دوران ٹیموں کی سکیورٹی کے لیے 1800 سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی نے ہدایت کی کہ پولیو مہم کے سکیورٹی پلان اور کمپین پلان پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، تمام علاقوں کے مائیکرو پلان کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے اور پولیو ٹیموں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ پولیو سے انکاری والدین (رفیوزل کیسز) کی کوریج کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کسی بھی علاقے یا بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے محروم نہ رکھا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ تمام ادارے باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تاکہ انسدادِ پولیو مہم کو کامیاب بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں