عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، میر سلیم احمد کھوسہ

ڈیرہ اللہ یار (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے پارلیمانی لیڈر و صوبائی وزیر برائے تعمیرات و مواصلات میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا ہے کہ ڈیرہ اللہ یار سمیت جعفرآباد بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں معیار، شفافیت اور رفتار کو یقینی بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اللہ یار کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے جعفرآباد میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کاموں کی پیش رفت اور معیار کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایم پی اے جعفرآباد انجینئر عبدالمجید بادینی کے بھائی میر مٹھا خان بادینی نے صوبائی وزیر کو ڈیرہ اللہ یار میں زیرِ تعمیر سیوریج نالے کا دورہ کروایا۔ صوبائی وزیر میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے محض تعمیرات کا نام نہیں بلکہ ان کا اصل مقصد عوام کو درپیش مسائل کا مستقل حل اور شہری زندگی میں بہتری لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیوریج اور سڑکوں سمیت بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو درپیش مشکلات میں کمی آئے گی۔ متعلقہ محکمے تعمیراتی کاموں کی مسلسل نگرانی کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ منصوبے مقررہ معیار اور قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں ناقص میٹریل یا غیر معیاری کام کی کوئی گنجائش نہیں، عوام کے ٹیکسوں سے حاصل ہونے والے وسائل کو عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ حکومت بلوچستان علاقے کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔ دورے کے دوراناے سی اسلان خان رند، ایکسین بی اینڈ آر (روڈز) غلام دستگیر، ایکسین بی اینڈ آر (بلڈنگز) عتیق الرحمن رند اور ایس ڈی او اعجاز احمد بہرانی نے صوبائی وزیر کو جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ گورنمنٹ کنٹریکٹر میر خالد خان کھوسہ کی جانب سے جاری ترقیاتی کاموں کے معائنے کے دوران صوبائی وزیر نے کام کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور منصوبوں کو مقررہ معیار کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ایکسین بی اینڈ آر (روڈز) نصیرآباد بوستان خان چانڈیو، میر علی احمد خان کھوسہ، میر مسعود خان کھوسہ، پی ایس عطا اللہ کھوسہ، لیاقت علی عمرانی، نور مصطفیٰ کھوسہ اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں