امریکا نے دوبارہ حملہ کیا تو دنیا بھر میں امریکی اثاثے نشانے پر ہوں گے، ایران کی دھمکی

تہران: ایران نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس پر دوبارہ حملہ کیا گیا تو ایرانی فوج دنیا بھر میں امریکی اثاثوں کو نشانہ بنا سکتی ہے۔

تہران نے واضح کیا ہے کہ اس کارروائی کے لیے کسی جغرافیائی حد کی پابندی نہیں ہوگی۔

خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق ایرانی فوج کے ترجمان محمد اکرمینیا نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے دوبارہ حملے کی صورت میں ایران نام نہاد ’امریکی دشمن‘ کے تمام اثاثوں کو نشانہ بنائے گا، چاہے وہ دنیا کے کسی بھی حصے میں موجود ہوں۔

ایرانی فوج کے ترجمان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ فوجی تصادم کے خدشات پر عالمی سطح پر تشویش پائی جاتی ہے۔

ایران کے اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ تہران کسی نئے حملے کی صورت میں اپنے ردعمل کو صرف خطے تک محدود رکھنے کا عندیہ نہیں دے رہا۔ تاہم ترجمان نے اس بیان میں کسی مخصوص امریکی ہدف یا ممکنہ کارروائی کی تفصیلات نہیں بتائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں