دوحہ: قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے جس میں خطے میں جاری بحران کے خاتمے اور جامع معاہدے کے لیے قطر کی ثالثی کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق قطری حکومت کے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال اور کشیدگی ختم کرنے کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر بات کی۔ قطر اس بحران کے حل کے لیے فریقین کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے۔
دوسری جانب ایک سینئر ایرانی عہدیدار نے رائٹرز کو بتایا ہے کہ ایران نے قطر کے ذریعے امریکا کو جوہری معاملے سے متعلق ایک تجویز پیش کی ہے۔
عہدیدار کے مطابق واشنگٹن اس تجویز کا جائزہ لے رہا ہے تاہم کسی بھی باضابطہ بات چیت کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ امریکا پہلے ایران کے سات مطالبات پورے کرے۔ ایرانی عہدیدار نے ان سات مطالبات کی تفصیلات نہیں بتائیں۔
اس پیش رفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ قطر کے ذریعے امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی رابطوں کی کوششیں جاری ہیں، تاہم مذاکرات کی بحالی اور کسی معاہدے تک پہنچنے کے امکانات کا دارومدار دونوں ممالک کے مؤقف میں پیش رفت پر ہوگا۔

