ریاض/دوحہ: قطر، کویت، بحرین اور اردن نے یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے سعودی عرب کے مدینہ منورہ کے علاقے کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنانے کی مبینہ کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے بتایا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے مدینہ منورہ کے علاقے کی جانب آنے والے بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی روک کر تباہ کردیا۔ اتحاد نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ سعودی عرب کے مشرقی صوبے کی فضائی حدود میں ایک حوثی ڈرون کو بھی مار گرایا گیا۔
قطر کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں میزائل حملے کی کوشش کو مسلمانوں کے لیے کھلی اشتعال انگیزی اور شہریوں کی جانوں سے خطرناک کھیل قرار دیا۔ وزارت کے مطابق یہ اقدام سعودی خودمختاری کی خلاف ورزی اور بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔
قطری وزارت خارجہ نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی خودمختاری، سلامتی، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے سعودی عرب کے تمام جائز اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔
کویت، بحرین اور اردن نے بھی اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ تعاون اور حمایت کا اظہار کیا ہے۔

