جرمنی میں نوجوانوں کی جانب سے ملک گیر احتجاجی مظاہروں کو عوام کی بڑی اکثریت کی حمایت حاصل ہوگئی۔
تازہ سروے کے مطابق 73 فیصد جرمن شہریوں نے نوجوان مظاہرین کے مطالبات کو درست قرار دیتے ہوئے ان کے مؤقف سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے، جبکہ 22 فیصد افراد نے ان مطالبات سے اتفاق نہیں کیا۔
جرمن نشریاتی ادارے اے آر ڈی کے لیے کیے گئے سروے کے مطابق نوجوانوں نے بہتر تعلیمی نظام، سستی رہائش، معاشرتی انصاف، موسمیاتی تحفظ اور لازمی فوجی سروس کی مخالفت میں ملک بھر کے 30 سے زائد شہروں میں مظاہرے کیے تھے۔
82 فیصد شہریوں کو نوجوانوں کی شکایات درست لگتی ہیں.
سروے میں 82 فیصد جرمن شہریوں کا کہنا تھا کہ ملک کی سیاسی قیادت نوجوان نسل کے مسائل اور ضروریات کو مناسب اہمیت نہیں دے رہی، جبکہ صرف 13 فیصد افراد نے اس رائے سے اختلاف کیا۔
سروے کے مطابق 89 فیصد شہریوں نے سیاسی مؤقف کے اظہار کے لیے باقاعدہ اجازت کے ساتھ مظاہرے میں شرکت کو جائز قرار دیا، تاہم 95 فیصد افراد نے احتجاج کے دوران تشدد اور املاک کو نقصان پہنچانے کی مخالفت کی۔

