جعفرآباد سول ہسپتال میں بہترین نظم و نسق قائم کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں۔

ڈیرہ اللہ یار (رپورٹر) میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جعفرآباد سول ہسپتال ڈیرہ اللہ یار ڈاکٹر رفیق گنیہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اور وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کے وژن اور ہدایات کے مطابق عوام کو علاج معالجے کی بہترین اور معیاری سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ جعفرآباد سول ہسپتال میں مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے، انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانے اور ہسپتال میں بہترین نظم و نسق برقرار رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتال عوام بالخصوص غریب اور متوسط طبقے کیلئے علاج معالجے کا اہم ذریعہ ہیں، اس لیے ہسپتال انتظامیہ کی کوشش ہے کہ یہاں آنے والے کسی بھی مریض کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور انہیں بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ڈاکٹر رفیق گنیہ نے کہا۔ کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے فراہم کردہ ادویات عوام اور مستحق مریضوں تک بتدریج پہنچائی جا رہی ہیں تاکہ غریب مریضوں کو علاج کے دوران ادویات کی فراہمی میں زیادہ سے زیادہ سہولت میسر آسکے۔ ادویات کی دستیابی اور تقسیم کے عمل کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ہسپتال کے مختلف شعبوں کی کارکردگی پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر ملازمین کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں تاکہ مریضوں کے ساتھ بہتر رویہ اختیار کرنے، بروقت علاج اور طبی خدمات کے معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔ایم ایس نے کہا کہ ہسپتال میں صفائی ستھرائی، مریضوں کی دیکھ بھال، طبی آلات کی دستیابی اور انتظامی معاملات کو بہتر بنانے کیلئے بھی اقدامات جاری ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ عوامی شکایات اور مسائل کے حل کو اہمیت دیتی ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے حکومت بلوچستان کی کوششوں کو کامیاب بنانے میں طبی عملے کا کردار انتہائی اہم ہے۔ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے جعفرآباد سول ہسپتال کو عوام کیلئے ایک بہتر اور قابل اعتماد طبی مرکز بنایا جائے اور عوام کو ان کی دہلیز پر علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں