انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت چار وکلاء انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں میں خصوصی جج مقرر

کوئٹہ(این این آئی) محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان نے انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت چار وکلاء کو انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں میں خصوصی جج مقرر کر دیا ہے۔ بلوچستان ہائی کورٹ کے معزز چیف جسٹس کی سفارش پر یہ تقرریاں کنٹریکٹ کی بنیاد پر ڈھائی سال کے لیے فوری طور پر عمل میں لائی گئی ہیں۔نوٹیفکیشن کے تحت جن وکلاء کو خصوصی جج مقرر کیا گیا ہے ان میں عبدالمالک ایڈووکیٹ، معراج علی ایڈووکیٹ،عظمت اللہ خان ترین ایڈووکیٹ (ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل، انسدادِ دہشت گردی عدالت) اور نعیم الحق کلاچی ایڈووکیٹ شامل ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ ججز انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 کی متعلقہ دفعات اور حکومت کی جانب سے وقتاً فوقتاً طے کردہ شرائط و ضوابط کے تحت فرائض انجام دیں گے۔ انہیں بی پی ایس 21 کے سیشن جج کے مساوی مقررہ تنخواہ اور دیگر منظور شدہ مراعات دی جائیں گی۔یہ تقرریاں صوبے میں انسدادِ دہشت گردی کے مقدمات کی سماعت اور عدالتی نظام کو موثر بنانے کے لیے عمل میں لائی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں