محکمہ آبپاشی کی کارکردگی میں مزید بہتری لائینگے، جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا، میر صادق عمرانی

کوئٹہ(این این آئی)صوبائی وزیر آبپاشی میر صادق عمرانی کی زیر صدارت محکمہ آبپاشی کی مجموعی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کے لائحہ عمل کا جائزہ لینے کے حوالے س اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری آبپاشی سہیل الرحمن بلوچ سمیت محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران محکمہ آبپاشی کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت، عمل درآمد کی رفتار، درپیش مسائل اور ان کے موثر حل کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر میر صادق عمرانی نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور منصوبوں کے معیار، شفافیت اور رفتار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔اجلاس میں آبپاشی کے نظام کو مزید موثر اور جدید بنانے، آبی وسائل کے بہتر استعمال، زرعی ضروریات کے مطابق پانی کی فراہمی اور پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔صوبائی وزیر میر صادق عمرانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ آبپاشی کی کارکردگی میں مزید بہتری لاتے ہوئے جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ صوبے میں زرعی ترقی، آبی وسائل کے موثر انتظام اور عوامی خوشحالی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔محکمہ آبپاشی بلوچستان بہتر آبی انتظام، مضبوط زرعی معیشت اور خوشحال بلوچستان کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں