شہباز سوھترا مسیحی برادری کا فخر ہیں سلیم خورشید کھوکھر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق رکن سندھ اسمبلی اور ڈائریکٹر کرسچن ٹرو اسپرٹ (یو کے) سلیم خورشید کھوکھر کی جانب سے سپریم کورٹ کے پہلے مسیحی وکیل شہباز سوھترا کے اعزاز میں سن پیٹرک کالج کراچی میں پروقار استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں کیتھولک چرچ کے کارڈینل جوزف کوٹس نے بطور مہمان خصوصی جبکہ چرچ آف پاکستان کے بشپ فیڈرک جون نے مہمان اعزازی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر مارون فرانسس لوگو سمیت مسیحی مذہبی شخصیات فادر صاحبان سسٹر صاحبان کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔تقریب کا آغاز فادر افضل کی دعا سے ہوا، جس کے بعد کارڈینل جوزف کوٹس، بشپ فیڈرک جون، شہباز سوھترا، سلیم خورشید کھوکھر اور دیگر شخصیات نے امید کی شمع روشن کی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض پرویز بھٹی نے انجام دیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی کارڈینل جوزف کوٹس، مہمان اعزازی بشپ فیڈرک جون اور مارون فرانسس لوگو نے شہباز سوھترا کی کامیابی کو سراہتے ہوئے انہیں سپریم کورٹ کا پہلا مسیحی وکیل بننے پر دلی مبارک باد پیش کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اس موقع پر شہباز سوھترا نے اپنے خطاب میں کہا کہ میری کامیابی میری ذاتی محنت سے زیادہ میرے والدین کی دعاؤں، قربانیوں اور جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ آج میں جس مقام پر ہوں، یہ میرے والدین کا خواب تھا۔ انہوں نے پنجاب سے کراچی صرف اس امید پر ہجرت کی کہ ان کے بچوں کا مستقبل بہتر ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا تعلق ایک غریب بستی سے تھا اور حالات کبھی بھی مثالی نہیں رہے، لیکن مسلسل جدوجہد انسان کی زندگی اور حالات کو یکسر بدل سکتی ہے۔ یہ سفر انتہائی مشکل تھا۔ ایک طرف معاشرے میں قبولیت کا مسئلہ تھا تو دوسری جانب وکالت جیسے شعبے میں معاشی مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے اپنی شناخت اور مقام بنانا آسان نہیں تھا۔ تاہم جب انسان محنت اور لگن سے آگے بڑھتا ہے تو خداکی مدد بھی شامل حال ہو جاتی ہے۔شہباز سوھترا نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو آسائشوں اور لگژری طرز زندگی کی فراہمی کے بجائے ان کی معیاری تعلیم پر توجہ دیں، کیونکہ بچوں کی تعلیم پر خرچ کرنا ہی والدین کی جانب سے بہترین سرمایہ کاری ہے۔تقریب کے میزبان سابق رکن سندھ اسمبلی اور کرسچن ٹرو اسپرٹ (یو کے) کے ڈائریکٹر سلیم خورشید کھوکھر نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہباز سوھترا کی کامیابی پوری مسیحی برادری کے لیے باعث فخر ہے۔ اسی جذبے کے تحت ان کے اعزاز میں یہ تقریب منعقد کی گئی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ سال بھی مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے نوجوانوں کے اعزاز میں تقریبات منعقد کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارا معاشرہ اس وقت مایوسی اور ناامیدی کا شکار ہے، ایسے حالات میں امید کی شمع روشن کرنا اور کامیاب نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرنا انتہائی خوش آئند اقدام ہے۔نادرہ کے ریکارڈ کے مطابق کیتھولک اورچر چس آف پاکستان کی تعداد 92فیصد ہے اور خدا شکر ہے کہ جب 92فیصد ایک بات پر متفق ہوں گے تو کوئی مسلہ مسلہ نہیں رہے گا ہمیں مل کر جل کام کرنا ہے اور ہمیں جو آئین آزادی دیتا ہے ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں فلاحی کام کرتے ہوئے سماجی خدمت کے دائرے کو مزید وسیع کریں گے سلیم خورشید کھوکھر نے بتایا کہ چند روز قبل خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری سے ہونے والی ملاقات میں اس تقریب کے انعقاد سمیت مسیحی برادری کے مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے سندھ بھر کے ان چرچوں باہر معزور افراد کے لیے مفت وہیل چیئرزفراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اس اقدام پر خاتون آصفہ بھٹو زرداری کا مسیحی برادری کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ کرسچن ٹرو اسپرٹ (CTS) کی جانب سے پہلے شیلٹر ہوم کا افتتاح آئندہ سال مارچ یا اپریل میں متوقع ہے، جبکہ فی الحال یہ شیلٹر ہوم کرائے کی جگہ پر کام کر رہا ہے۔سلیم خورشید کھوکھر نے کہا کہ شہباز سوھترا کا سپریم کورٹ کا پہلا مسیحی وکیل بننا اور کراچی بار میں بھی پہلے مسیحی رکن کی حیثیت سے شناخت حاصل کرنا پوری کمیونٹی کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے شہباز سوھترا کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور تقریب میں شرکت کرنے والے تمام معزز مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں