کوئٹہ (این این آئی) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی مرکزی اور صوبائی سطح پر ہونے والے ایسے کسی بھی ریفرنڈم کو یکسر مسترد کرتی ہے جس کا انعقاد خود غیر آئینی اور غیر قانونی طریقے سے اقتدار پر براجمان حکمرانوں کی جانب سے کیا جائے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کا واضح اور دوٹوک مؤقف ہے کہ جو حکمران خود عوام کے حقیقی مینڈیٹ سے محروم ہوں اور جن کی اپنی آئینی و قانونی حیثیت سوالیہ نشان ہو، انہیں یہ حق کس بنیاد پر حاصل ہے کہ وہ عوام کے مستقبل، قومی حقوق اور اجتماعی مفادات سے متعلق ریفرنڈم کرائیں۔ جو حکمران عوام کے اعتماد اور آئینی جواز سے محروم ہوں، ان کے زیر اہتمام ہونے والے ریفرنڈم کی حیثیت اور ساکھ کیا ہو سکتی ہے۔ پارٹی سمجھتی ہے کہ ایسے اقدامات عوامی رائے کے احترام کے بجائے ان پر اپنی مرضی مسلط کرنے کی کوشش ہیں۔ ماضی میں بھی مختلف ادوار، بالخصوص انگریز دور میں، ایسے ریفرنڈم اور اقدامات کیے گئے جنہیں عوام نے مسترد کیا۔ تاریخ سے سبق سیکھنے کے بجائے ایک مرتبہ پھر ایسے متنازع اقدامات کے ذریعے عوام کی رائے کو اپنی مرضی کے تابع کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان کے عوام کے قومی تشخص، سیاسی و جمہوری حقوق، وسائل اور مستقبل سے متعلق کسی بھی فیصلے کو غیر آئینی اور غیر قانونی حکمرانوں کے ذریعے مسلط کرنے کی ہر کوشش ناقابلِ قبول ہے۔ عوام کی مرضی اور اجتماعی مفادات کو نظرانداز کرکے کیے جانے والے فیصلے کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہو سکتے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی ایسے اقدامات کو عوام کے بنیادی حقوق اور سیاسی اختیار میں مداخلت تصور کرتی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اگر پارٹی سے وابستہ کسی فرد کی اس حوالے سے کوئی مختلف رائے ہے تو وہ اس کی ذاتی رائے ہو سکتی ہے، اسے بلوچستان نیشنل پارٹی کا باضابطہ مؤقف قرار نہیں دیا جا سکتا۔ بلوچستان نیشنل پارٹی اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے اور ایسے تمام ریفرنڈم، قوانین اور اقدامات کو غیر آئینی، غیر قانونی اور عوامی حقوق کے منافی سمجھتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں مسترد کرتی ہے۔

