کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنما حاجی خان محمد بڑیچ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی شہدا کی جماعت ہے جو عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت پر یقین رکھتی ہے،پاکستان پیپلز پارٹی کا 59ویں یوم تاسیس30نومبر کوبھر پور طریقے سے منایا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے منگل اپنے دفتر میں ملاقات کرنے والے کارکنوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ حاجی خان محمد بڑیچ نے کہا کہ بلوچستان میں پاکستان پیپلز پارٹی کی مخلوط حکومت عوام کی خدمت کررہی ہے پیپلز پارٹی کے دورحکومت بلوچستان میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے ہیں جس کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تمام حلقوں کو یکساں بنیادوں پر ترقیاتی فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا جس سے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کی ہے اور کبھی بھی اصولوں پرسودے بازی نہیں کی اور نہ آئندہ کریگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری،صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی قیادت میں پیپلزپارٹی چاروں صوبوں میں فعال اور منظم ہے پارٹی کے خلاف سازشیں کرنے والے کبھی بھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونگے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کی مرکزی قیادت کے فیصلے کے مطابق 30نومبر کو پاکستان پیپلز پارٹی کا 59 یوم تاسیس بھر پور طریقے سے منایا جائے گا۔ انہوں نے کارکنوں پر زوردیاکہ و ہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے پیغام کوگھر گھر پہنچائے اورعوام سے قریبی رابطہ رکھیں۔

