بلوچستان،مطلوب دہشتگردوں کے سروں پر25 کروڑ روپے تک انعام مقرر

کوئٹہ(این این آئی) حکومت بلوچستان نے انتہائی مطلوب دہشتگردوں کے بارے میں مستند اور قابلِ عمل معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے 5 لاکھ روپے سے لے کر 25 کروڑ روپے تک انعامات مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی کے مطابق رحمان گل اور بشیر زیب کے بارے میں مستند معلومات فراہم کرنے والے افراد کے لیے فی کس 25 کروڑ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے، جبکہ دیگر انتہائی مطلوب دہشتگردوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر بھی لاکھوں اور کروڑوں روپے کے انعامات رکھے گئے ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دہشتگردوں کے حوالے سے مستند معلومات متعلقہ اداروں کو فراہم کریں، اطلاع دینے والوں کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی جبکہ موصول ہونے والی مستند اور قابلِ عمل معلومات پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔بابر یوسفزئی نے کہا کہ انعامات کی ادائیگی حکومت بلوچستان کے مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق کی جائے گی دہشتگردی کا خاتمہ اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے، عوامی تعاون سے امن و امان کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف مؤثر اقدامات مزید تیز کیے جا سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں