حب ریجن میں وفاقی محکموں کی خالی آسامیوں پر بھرتیوں کے سلسلے میں امیدواروں کے انٹرویوز تیسرے روز بھی جاری رہے

حب (این این آئی) حب ریجن میں وفاقی محکموں کی خالی آسامیوں پر بھرتیوں کے سلسلے میں امیدواروں کے انٹرویوز تیسرے روز بھی جاری رہے۔ ڈپٹی کمشنر حب کیپٹن (ر) جمعہ داد خان مندوخیل کی نگرانی میں آج ضلع لسبیلہ سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے انٹرویوز منعقد کیے گئے۔انٹرویوز کے دوران امیدواروں کی تعلیمی اسناد، ضروری دستاویزات اور متعلقہ آسامیوں کے لیے اہلیت کا جائزہ لیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام انٹرویو پینلز کو ضروری سہولیات اور معاون عملہ فراہم کیا گیا ہے تاکہ بھرتیوں کا عمل منظم انداز میں مکمل کیا جا سکے۔ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر حب خود انٹرویوز کے انتظامات اور پیش رفت کی نگرانی کر رہے ہیں۔ اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ بھرتیوں کے تمام مراحل میں میرٹ، شفافیت اور امیدواروں کو یکساں مواقع کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق انٹرویوز کا سلسلہ مقررہ شیڈول کے تحت جاری رہے گا، جبکہ 25 نومبر کو ضلع آواران کے امیدواروں کے انٹرویوز منعقد کیے جائیں گے۔ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی اصل تعلیمی اسناد اور ضروری دستاویزات کے ہمراہ مقررہ وقت پر پہنچیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں