مدارس اسلامی تشخص، تہذیبی اقدار اور پرامن معاشرت کے مضبوط مراکز ہیں، مولانا عبدالواسع

دکی (این این آئی)جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر و سینیٹر مولانا عبدالواسع، مولانا صلاح الدین ایوبی، مولانا کمال الدین، حاجی نواز خان کاکڑ اور دیگر مقررین نے کہا ہے کہ دینی مدارس ملک کے اسلامی تشخص، تہذیبی اقدار اور پرامن معاشرت کے مضبوط ترین مراکز ہیں، ان کے بغیر معاشرے کی اخلاقی و روحانی بنیادیں قائم نہیں رہ سکتیں۔جامعہ مظاہر العلوم ضلع دکی میں منعقدہ دستارِ فضیلت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مدارس محض درس و تدریس کے مراکز نہیں بلکہ اسلامی تہذیب کے پاسبان، اخلاقی تربیت کے سرچشمے اور معاشرے میں امن و رواداری کے فروغ کے مثر ادارے ہیں۔ افسوس کہ آج انہی اداروں کو منظم پروپیگنڈے، بے بنیاد الزامات اور کردارکشی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، حالانکہ مدارس قرآن و سنت کی تعلیم، اسلامی شعائر کی حفاظت اور نسل نو کی دینی و اخلاقی تربیت میں مصروف ہیں۔مقررین نے کہا کہ شرانگیزی کا جواب شرانگیزی سے دینا ان کا شیوہ نہیں بلکہ ان کا راستہ دلیل، حکمت، شائستگی اور علمی استدلال کا راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستارِ فضیلت علم، کردار اور دین سے وفاداری کے نئے عہد کا اعلان ہے۔ فارغ التحصیل علما معاشرے میں جہالت، نفرت اور انتشار کے خاتمے کے لیے علم و حکمت کے چراغ روشن کریں اور اپنے کردار و عمل سے اسلام کے حقیقی پیغام امن و اعتدال کو اجاگر کریں۔ انہوں نے مدارس کے خلاف منفی مہم چلانے والوں پر زور دیا کہ وہ ان اداروں کی دینی، اخلاقی اور معاشرتی خدمات کا اعتراف کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں