گوادر(این این آئی) گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے نئے تعینات ہونے والے ڈائریکٹر جنرل انیس طارق گورگیج نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال کر باقاعدہ طور پر کام کا آغاز کر دیا ہے۔انیس طارق گورگیج اس سے قبل گوادر میں طویل عرصے تک بطور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ پرسنل اسٹاف آفیسر ٹو وزیراعلیٰ بلوچستان، ڈائریکٹر جنرل سمال انڈسٹریز اینڈ کامرس، اسپیشل سیکرٹری محکمہ زراعت اور ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ سمیت مختلف اہم انتظامی عہدوں پر بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔گوادر میں طویل عرصے تک خدمات انجام دینے اور مختلف اہم انتظامی و ترقیاتی عہدوں پر کام کرنے کے باعث انہیں علاقے کے انتظامی، معاشی اور سماجی امور کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ ان کی بطور ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے تعیناتی سے گوادر کے معاشی و سماجی ارتقا، شہری انفراسٹرکچر کی بہتری، جاری ترقیاتی منصوبوں اور جدید شہری سہولیات کی فراہمی کے عمل کو مزید آگے بڑھانے میں اہم پیش رفت کی توقع کی جا رہی ہے۔

