کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد یوسف خلجی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن ایک اہم سیاسی رہنما ہیں، انہیں نظر بند کرنا یا ان کی رہائش گاہ کا محاصرہ کرنا سیاسی مسائل کا حل نہیں حکومت کو چاہیے کہ مولانا فضل الرحمٰن سمیت تمام سیاسی جماعتوں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر مذاکرات اور مفاہمت کا ماحول پیدا کرے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں محمد یوسف خلجی نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اورانکی عزت کرتی ہے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین اور کارکنوں کو بھی چاہئے کہ وہ ایک دوسرے کی عزت و احترام کریں۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ کا محاصرہ کرنا کسی بھی طرح درست اقدام نہیں ہے حکومت کو چاہئے کہ وہ سیاسی مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے نکالے اور تمام سیاسی جماعتوں کے اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیکر مفاہمت کا ماحول پیدا کرے۔انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہم سب کا مشترکہ گھر ہے ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہو کر اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا پاکستان کی مضبوطی سیاسی ہم آہنگی، اتحاد، اتفاق اور قومی یکجہتی میں مضمر ہے۔ قومی مفاد کو سیاسی اختلافات پر ترجیح دینی چاہیے۔

