کوئٹہ(این این آئی) خواتین اور بچیوں کے خلاف صنفی بنیادوں پر تشدد کے خاتمے، متاثرہ خواتین کو انصاف کی فراہمی اور ذمہ دار عناصر کے احتساب کو یقینی بنانے کے عزم کے ساتھ 16 روزہ عالمی مہم برائے انسدادِ صنفی تشدد 2026ء کا صوبائی افتتاحی پروگرام بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز (BUITEMS)، کوئٹہ میں منعقد ہوا۔تقریب کا انعقاد محکمہ ترقیِ نسواں بلوچستان (Women Development Department)، ون یو این، ایوا جی الائنس بلوچستان (EVAW-G Alliance Balochistan)، اسلامک ریلیف، بی آر ایس پی اور دیگر شراکت دار اداروں کے تعاون سے کیا گیا۔ تقریب میں حکومتی نمائندوں، اقوام متحدہ کے اداروں، سول سوسائٹی، انسانی حقوق کے کارکنوں، خواتین کی تنظیموں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔تقریب کی مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر/انچارج برائے حقوقِ نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی تھیں۔ اس سال کی عالمی مہم کا مرکزی پیغام ہے: “خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے متحد ہوں؛ انصاف یقینی بنائیں، متاثرہ خواتین اور لڑکیوں کا تحفظ کریں اور مجرموں کو سزا سے بچنے نہ دیں۔”مہمانِ خصوصی ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر سال 25 نومبر سے 10 دسمبر تک دنیا بھر میں خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے 16 روزہ عالمی مہم منائی جاتی ہے، تاہم خواتین کے تحفظ اور حقوق کے لیے کوششیں صرف 16 دن تک محدود نہیں ہونی چاہئیں بلکہ انہیں سال بھر جاری رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان اس حوالے سے متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر مربوط اقدامات کو فروغ دے رہی ہے۔ خواتین کی ذہنی صحت، تحفظ اور بحالی بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے جیلوں، دارالامان اور بینظیر شیلٹر ہومز سمیت مختلف اداروں میں ذہنی صحت کی سہولیات بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور سول سوسائٹی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ صنفی مساوات کا مقصد کسی کے مقابلے میں کھڑا ہونا نہیں بلکہ حقوق کی فراہمی، برابری اور انصاف کو یقینی بنانا ہے۔سیکرٹری محکمہ ترقیِ نسواں بلوچستان شیر شاہ غلزئی نے افتتاحی کلمات میں کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ اور ان کے خلاف تشدد کی روک تھام حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ اس مہم کا آغاز محکمہ ترقیِ نسواں کی جانب سے کرنا اس عزم کا اظہار ہے کہ خواتین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور شراکت داروں کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔ انہوں نے مشترکہ کوششوں اور معاشرتی رویوں میں مثبت تبدیلی کی اہمیت پر زور دیا۔ون یو این کے چیئر ذوالفقار درانی نے اپنے خطاب میں سول سوسائٹی اور سماجی کارکنوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین کے حقوق اور صنفی بنیادوں پر تشدد کے خاتمے کے لیے تمام اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور مشترکہ حکمت عملی ضروری ہے۔ایوا جی الائنس بلوچستان کے چیئرمین اور عورت فاؤنڈیشن بلوچستان کے ریجنل ڈائریکٹر علاؤالدین خلجی نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین اور بچیوں کے خلاف تشدد محض ایک سماجی مسئلہ نہیں بلکہ انسانی حقوق، انصاف، مساوات اور جمہوری ترقی کا بنیادی مسئلہ ہے۔ بلوچستان میں خواتین کو جسمانی، نفسیاتی، معاشی اور سماجی تشدد کے ساتھ ساتھ کم عمری کی شادی، ہراسانی، غیرت کے نام پر تشدد، سیاسی و معاشی عدم شمولیت اور فیصلہ سازی کے عمل سے دور رکھنے جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایوا جی الائنس بلوچستان خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تقریباً 30 تنظیموں کا مشترکہ نیٹ ورک ہے، جو خواتین کے تحفظ، قانون سازی، انصاف کی فراہمی اور پالیسی سازی میں خواتین کی مؤثر نمائندگی کے لیے مسلسل آواز بلند کر رہا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر الائنس کا چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرتے ہوئے کہا کہ آگاہی مہمات کے ساتھ ساتھ مؤثر قانون سازی، موجودہ قوانین پر عمل درآمد، ادارہ جاتی جوابدہی اور متاثرہ خواتین کے لیے فوری انصاف کا نظام قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ الائنس 16 روزہ مہم کے دوران اور اس کے بعد بھی اجتماعی سرگرمیوں اور وکالت کے ذریعے خواتین کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔اسلامک ریلیف بلوچستان کے صوبائی سربراہ انور عادل نے اپنے خطاب میں کہا کہ سماجی ترقی کے لیے محض سرگرمیوں اور اعدادوشمار میں اضافے کے بجائے کام کے معیار، پائیدار نتائج اور حقیقی اثرات پر توجہ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے خواتین کے تحفظ اور معاشرتی تبدیلی کے لیے تمام اداروں کے بامعنی کردار پر زور دیا۔تقریب سے اقوام متحدہ کے اداروں اور دیگر شراکت داروں کی نمائندگی کرتے ہوئے سعدیہ عطا (UNFPA)، عظمٰی یعقوب، اسرار عمرانی، ضیاء الرحمٰن، ڈاکٹر فرخندہ اورنگزیب (NCHR)، کرن بلوچ (BCSW)، ریحانہ خلجی، انعم ملک مینگل، مشتاق مینگل، نصیب اللہ، فرخندہ اورنگزیب اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور اپنے اداروں کی جانب سے خواتین کے تحفظ، صنفی بنیادوں پر تشدد کی روک تھام اور متاثرہ افراد کی معاونت کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔تقریب میں ایک خصوصی پینل ڈسکشن بھی منعقد ہوئی، جس کی صدارت نورِ حرا نے کی۔ پینل میں نصیب اللہ، ڈاکٹر فرخندہ اورنگزیب، ریحانہ خلجی، اسرار احمد اور انعم ملک مینگل سمیت دیگر نمائندگان نے شرکت کی۔ پینلسٹس نے خواتین کے خلاف تشدد کی روک تھام، ادارہ جاتی ذمہ داریوں، متاثرہ خواتین کی معاونت، خواتین کی نمائندگی اور مؤثر قانون سازی کے مختلف پہلوؤں پر اظہارِ خیال کیا۔ اس موقع پر مردوں کی فعال شمولیت، موسمیاتی تبدیلی اور صنفی بنیادوں پر تشدد کے باہمی تعلق اور مہم کو نچلی سطح تک پہنچانے کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی۔

