جمہوری حکومت پر شب خون مارنے پر 5جولائی کو ملکی تاریخ میں ہمیشہ سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائیگا،روزی خان کاکڑ

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما و سابق سینیٹر روزی خان کاکڑ، ثناء اللہ جتک، قاسم اچکزئی،اختر بلوچ، پیپلز پارٹی کوئٹہ سٹی کے صدر نورالدین کاکڑ،لیبر ونگ کے صوبائی صدر شاہجہان گجر نے کہا ہے کہ 5جولائی 1977کو پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائیگا اس دن پہلے منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت پر شب خون مارا گیا،شہید جمہوریت ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کے خاتمے کے بعد پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنان پر مظالم کے پہاڑ توڑے گئے لیکن جمہوری نظام کے لئے پیپلز پارٹی نے ہر مشکل اور ظلم نہایت صبر سے برداشت کیا یہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی پاکستان کی سب سے بڑی عوامی اور جمہوری روایات کی پاسدار پارٹی بن چکی ہے کیونکہ جمہوریت اور آئین کی بالادستی پیپلز پارٹی کی جڑوں اور بنیادوں میں ہے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ 1977کے مارشل لاء کے بعد سیاسی کارکنوں نے اپنی جدوجہد سے پارٹی کو زندہ رکھا،انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آئین کو مقدم جانا اور اداروں کی مضبوطی کے لیئے کام کیا، جب تک آئین وقانون پر من و عن عمل درآمد نہیں ہوگا تب تک عدل و انصاف کا نظام قائم نہیں ہوگا، محترمہ بی بی شہید بے نظیر بھٹو نے بھی جمہوریت کے فروغ کے لئے کام کیا اور ملک وقوم کی خوشحالی کے لیئے جدوجہد کرتی رہیں، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوبھی جمہوریت کے علمبردار اور آئین پاکستان کے محافظ ہیں، انہوں نے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے باوقار اور ایٹمی پاکستان کی تعمیر کی تھی اور پاکستان تیز رفتاری سے ترقی کی منزلیں طے کر رہا تھا۔انہوں نے 1973 کے آئین اور جمہوریت کی خاطر جانیں قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جمہوریت کی بحالی کے لئے پھانسیاں، کوڑے، قید اور تشدد برداشت کرنے والوں کو سرخ سلام پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے لئے قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کافلسفہ مشعل راہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں