کوئٹہ (رپورٹر) نیشنل پارٹی کے سابق مرکزی نائب صدر انجنیئر حمید بلوچ نے شہید نسیم جنگیان کی تیرہویں برسی کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ سیاسی و فکری جدوجہد کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کارکنوں کی جماعت درحقیقت عوام کی حقیقی جماعت ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سخت اور کٹھن حالات میں سیاسی عمل کا حصہ بن کر شب و روز عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والے زندہ سیاسی کارکن قوم کا حقیقی سرمایہ ہوتے ہیں۔
انجنیئر حمید بلوچ نے کہا کہ شہید نسیم جنگیان بھی قوم کا ایک قیمتی سرمایہ تھے۔ انہوں نے اپنی سیاسی و فکری جدوجہد اور قربانیوں کے ذریعے علاقے کے عوام کے دلوں میں ایک خاص مقام بنایا۔ آج بھی علاقے کے عوام ان کی خدمات اور قربانیوں کو یاد کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید نسیم جنگیان کی شہادت کو تیرہ سال گزر چکے ہیں، لیکن آج بھی ان کی کمی شدت سے محسوس ہوتی ہے۔ ان کی جدوجہد، سیاسی وابستگی اور عوامی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

