دہشتگردی ترقیاتی منصوبوں میں رکاوٹ، ریلوے کی سیکیورٹی فول پروف بنائی جائے: سینیٹر عبدالقادر

کوئٹہ(این این آئی)چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ بلوچستان کے شہر سبی میں ریلوے اسٹیشن کے قریب ٹریک پردھماکے میں جعفر ایکسپریس بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا،علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے خوش قسمتی سے دھماکہ پنجاب سے آنے والی جعفر ایکسپریس کے گزرنے کے بعد ہوا جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جعفر ایکسپریس ایک بار پھر خوفناک حادثے سے بچ گئی بسوں اور ٹرینوں کے بے گناہ مسافروں پر حملے کرنا اور انہیں ناحق قتل کرنا حقوق کی کوئی جنگ نہیں سیدھی سیدھی دہشتگردی ہے حکومت ٹرینوں اور ریلوے ٹریکس کی حفاظت کیلئے فول پروف انتظامات یقینی بنائے تاکہ کسی بھی دہشت گردانہ کاروائی سے محفوظ رہا جا سکے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوارسینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ چند ماہ پہلے جعفر ایکسپریس کو یرغمال بنانے کا خوفناک واقعہ رونما ہوا تھا چند روز قبل ریلوے ٹریک کو بم دھماکے سے اڑا کر بولان ایکسپریس کو حادثے سے دوچار کرنے کی مذموم کوشش کی گئی لیکن خوش قسمتی سے بولان ایکسپریس گزرنے کے بعد دھماکہ ہوا جس سے ٹرین حادثے سے بال بال بچ گئی لیکن ٹریک کو بری طرح سے نقصان پہنچا. وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہیں لیکن دہشت گردانہ کارروائیوں کی وجہ سے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری رکھنے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے دہشت گرد اگر واقعی بلوچستان کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں تو پھر انہیں ہتھیار پھینک کر صوبے کی تعمیر و ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرنا چاہیے یہ کیسی حقوق کی جنگ ہے جس میں ترقی و خوشحالی کے جاری منصوبوں کو بند کروایا جاتا ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں