کوئٹہ(این این آئی)سابق وفاقی وزیرخلیل جارج نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں جس طرح پاکستانی مسلح افواج نے بھارت کو بدترین شکست دی اس کی خوشی میں آج پوری قوم اپنا جشن آزادی منا رہی ہے،پاک فوج ملک کے دفاع اورسرحدوں کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے سیکورٹی فورسز کے اہلکار ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں جن کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو ”پاکستان کی فتح، فتنہ الہندوستان کی شکست“ کے عنوان سے نکالی گئی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس سے قبل سابق وفاقی وزیر خلیل جارج کی قیادت میں ائیر پورٹ چوک سے ایک ریلی نکالی گئی جو عالم چوک، عسکری پاک،کوئلہ پھاٹک سے ہوتے ہوئے سرینا چوک پہنچی ریلی کے شرکاء نے پاکستانی پرچم اوربینرز اٹھارکھے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے۔ سابق وفاقی وزیر خلیل جارج نے کہا کہ پاکستان کیلئے پاک فوج کی تاریخی فتح اور فتنہ الہندوستان کی تاریخی شکست کو جشن آزادی کے ساتھ منارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم پاک افواج کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جن کی قربانیوں سے آج ملک پاکستان ایک مضبوط ریاست کی شکل میں دنیا بھر میں ابھرا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی کمانڈ مضبوط ہاتھوں میں ہے جس کی قیات فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ہم جشن آزادی منارہے ہیں یہ ان شہدا کی بدولت ہے جنہوں نے تحریک پاکستان کی آزادی کیلئے اپنی جانیں قربان کرکے ہمیں ایک آزار ریاست دی جہاں ہرمذہب اور زبان بولنے والے آزادی کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 11اگست کا تاریخی خطاب آج ہمارے ملک کیلئے مشعل راہ ہے جہاں مسلمان،ہندوو،سکھ اورمسیحی آزاد ہیں اپنی مذہبی عبادت گاہوں میں جانے کیلئے اقلیتی ڈے ہو یا کوئی اور تہوار سب عظیم پرچم کے سایے تلے ایک ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کی طرف کسی نے میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش کی تو پوری قوم اپنی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی اورملک کیلئے اپنی جانیں تک قربان کردیں گے اورپاکستان کو ہر فتنے اور دہشت گردی سے پاک کر کے ایک محفوظ و پرامن پاکستان بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ فتنہء الہندوستان کے آلہ کار پاکستان کے امن اور سلامتی کے سب سے بڑے دشمن ہیں مگر الحمدللہ ہماری مسلح افواج اور سکیورٹی ادارے ان کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اس ریلی کے ذریعے دشمن کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ پاکستان کے عوام اور افواج متحد ہیں اور سرحدوں پر کسی بھی قسم کی دراندازی یا دہشت گردی کو ناکام بنانا ہمارا قومی فریضہ ہے۔

