کوئٹہ(این این آئی)ریکودک مائننگ کمپنی (RDMC) نے کمیونٹی مینٹورشپ ٹریننگ پروگرام کا آغاز کردیا اس پروگرام کے تحت HR ڈیپارٹمنٹ کے سینئر آفسران مقامی تعلیم یافتہ اور ہنرمند نوجوانوں کو ملازمت کے حصول کیلئے خصوصی تربیت دینگے۔ اس پروگرام کے دوران مقامی افراد کو سی وی بنانے، انٹرویو کی تیاری، اور پیشہ ورانہ تربیت دی جائیگی تاکہ وہ مستقبل میں کس بھی بھرتی کے عمل میں شامل ہونے کے ساتھ ساتھ ملازمت کے حصول کیلئے اچھے انداز میں تیاری کرسکیں۔ گزشتہ دنوں RDMC کے ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے قریبی دیہات جن میں ہمئے، دوربن چاہ، تنگ کچاؤ کے 114 تعلیم یافتہ اور ہنر مند نوجوانوں کیلئے مختلف سیشنز کا انعقاد کیا گیا جہاں شرکاء کو اس پروگرام کے تحت تربیت دی گئی۔اس مینٹورشپ کا مقصد قریبی دیہاتوں کے نوجوان مرد و خواتین کو ایسی مہارتیں، اعتماد اور علم فراہم کرنا ہے جو انہیں کامیابی سے افرادی قوت میں شامل ہونے کے قابل بنائے۔ یہ اقدام RDMC کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے جو مقامی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور بلوچستان میں معاشی و سماجی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔اس پروگرام کے حوالے سے ایچ آر لیڈ، عنایت اللہ کبدانی کا کہنا ہے کہ ہماری ان سرگرمیوں کا مقصد لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کے علاوہ خصوصاً ہمارے قریبی دیہات اور ضلع چاغی کے لیے ملازمت کے مواقع پیدا کرنے میں ہے اور مقامی صلاحیت کو بڑھا کر خصوصاً نوجوانوں اور خواتین میں ہم نہ صرف اپنے کاروبار بلکہ ان کمیونٹیز کی طویل مدتی پائیداری میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ریکودک مائننگ کمپنی کمیونٹی ڈیولپمنٹ کو اپنے مشن کا بنیادی ستون سمجھتی ہے۔ کمپنی مقامی روزگار میں بہتری، تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ یہ مینٹورشپ پروگرام ان متعدد اقدامات میں سے ایک ہے جو RDMC نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے شروع کیے ہیں کہ بلوچستان کے لوگ نہ صرف اس فائدہ اٹھاہیں بلکہ اس سے فعال شراکت داری اور صوبے کے معدنیات کے شعبے میں مستقبل میں اسکا حصہ بنیں۔

