سیکورٹی فورسز نے دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچاکر ثابت کردیا کہ سرحدوں کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، چوہدری نعیم کریم

کوئٹہ(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنما چوہدری نعیم کریم نے ضلع ژوب میں دہشت گردوں کی جانب سے سرحدی حدود میں دراندازی کی کوشش کو موثر اور بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کوخراج تحسین پیش کیا ہے،سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچاکر یہ ثابت کردیا ہے کہ سیکورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں،کوئٹہ کے نواحی علاقے میں پشاور جانے والی جعفرایکسپریس پر بم حملہ قابل مذمت ہے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 47 دہشت گردوں کی ہلاکت پر مبنی جرات مندانہ آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری فورسز نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیاراور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور پوری قوم اپنی ان بہادر افواج پر فخر کرتی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی سرزمین پر کسی قسم کی دہشت گردی، بیرونی مداخلت یا تخریب کاری کی اجازت نہیں دی جائے گی اور دشمن کو ہر جارحیت کا دنداں شکن جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے خلاف سازشوں کو ناکام بنانا ہم سب کی اجتماعی قومی ذمہ داری ہے، اور اتحاد، عزم اور یکجہتی کے ساتھ ہم ان تمام سازشوں کو شکست دیں گے۔چوہدری نعیم کریم نے کوئٹہ کے نواحی علاقے میں کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفرایکسپریس کو بم دھماکے کا نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصراپنے غیرملکی آقاوں کی خوشنودی کیلئے بے گناہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنارہے ہیں جو کسی بھی طرح ملک و صوبے کے مفاد میں نہیں ہے ایسے عناصرکے ساتھ سختی سے نمٹاجانا چاہئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں