کوئٹہ(این این آئی)مستونگ کے علاقے میں ریلوے ٹریک پر بم پھٹنے سے کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفرایکسپریس کی 6بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ سیکورٹی فورسزکے مطابق اتوار کو مستونگ کے قریب سپیزنڈ کے مقام پر نامعلوم افرا د نے کوئٹہ سے پشاورجانے والی38اپ جعفرایکسپریس کو بم سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں جعفرایکسپریس کی 6بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دھماکے سے پٹڑی اور ریلوے کی بوگیوں کو نقصان پہنچادھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ دھماکے کے بعد جعفرایکسپریس کے مسافروں کو واپس کوئٹہ پہنچادیا گیا ریلوے کے عملے نے سیکورٹی کلیئرنس کے بعد متاثرہ بوگیوں کو ہٹانے اور ریلوے ٹریک کی مرمت کا کام شروع کردیا ہے۔

