جمہوری وطن پارٹی کا 35واں یومِ تاسیس جوش و خروش سے منانے کا اعلان

کوئٹہ(این این آئی)جمہوری وطن پارٹی کے مرکزی کنوینر چوہدری نوید احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پارٹی کا 35واں یومِ تاسیس 16 اگست کو ملک کے چاروں صوبوں میں بھرپور جوش و خروش اور عقیدت کے ساتھ منایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہیدِ وطن نواب محمد اکبر خان بگٹی نے 1990 میں جمہوری وطن پارٹی کی بنیاد رکھی اور ملک کی محکوم قوموں کے حقوق، جمہوریت کے فروغ اور صوبائی خود مختاری کے حصول کے لیے عملی جدوجہد کا آغاز کیا۔ یہ جدوجہد آج بھی اسی جذبے اور عزم کے ساتھ جاری ہے۔چوہدری نوید احمد نے مزید کہا کہ شہیدِ وطن کے پوتے نوابزادہ شاہ زین بگٹی اور نوابزادہ گہرام بگٹی اپنے دادا کے سیاسی فلسفے اور نظریے کو مشعلِ راہ بناتے ہوئے اس جدوجہد کو آگے بڑھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 16 اگست کو شہیدِ وطن کے سیاسی و نظریاتی سپاہی ملک کے کونے کونے میں یومِ تاسیس منائیں گے اور نواب اکبر خان بگٹی سے بھرپور عقیدت و محبت کا اظہار کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں