نوکنڈی (این این آئی) نوکنڈی شہر اور گردونواح میں آوارہ کتوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے، جس سے شہریوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے۔ گلی محلوں اور بازاروں میں جھنڈ کی شکل میں گھومنے والے یہ کتے ہر وقت خوف و ہراس کی فضا قائم رکھتے ہیں۔ بچوں، بزرگوں، خواتین اور مرد حضرات کی آمد و رفت غیر محفوظ ہو چکی ہے۔بلدیہ کی جانب سے کتوں کی تلفی کے لیے فی الحال کوئی مؤثر کارروائی نظر نہیں آتی۔ چند روز قبل ایک روزہ کتا مار مہم کا آغاز کیا گیا تھا، تاہم اسے اچانک روک دیا گیا، جس پر عوامی حلقوں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ صبح کے اوقات میں اسکول جانے والے بچوں، نمازیوں اور مارننگ واک کرنے والے افراد کو خاص طور پر ان کتوں کے حملوں کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔ عوامی نمائندوں اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ نوکنڈی میں فوری طور پر ہنگامی بنیادوں پر مؤثر کتا مار مہم شروع کی جائے تاکہ شہریوں کو اس سنگین مسئلے سے نجات مل سکے۔

