صحت شعبے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،کمشنر لورالائی

لورالائی(این این آئی) کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ نے ٹیچنگ ہسپتال لورالائی کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر لورالائی ندیم اکرم و دیگر افسران تھے انہوں نے ٹیچنگ ہسپتال لورالائی کے مختلف شعبہ جات اور وارڈز کا معائنہ کیا، جن میں ایمرجنسی وارڈ، میڈیکل وارڈ، میڈیکل اسٹور، شعبہ حادثات، اور مختلف وارڈز شامل تھے۔دورے کے دوران کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ نے ہسپتال میں موجود سہولیات، صفائی کی صورتحال، مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات اور ادویات کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال عملے کی حاضری چیک کی اور مریضوں کی عیادت بھی کی، ان سے علاج معالجے کے بارے میں بھی دریافت کیا۔کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں اور عملہ اپنی حاضری کو یقینی بنائے۔ انہوں نے مریضوں کو ہر ممکن ریلیف دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت دی اور کہا کہ ہسپتال کا ماحول مریضوں کے لیے صحت مند اور خوشگوار ہونا چاہیے۔ کمشنر نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، اور تمام متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے نبھائیں۔تاکہ غریب عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے.بعد ازاں کمشنر لورالائی ڈویژن، ولی محمد بڑیچ نے پولیس لائن میں قائم مالخانہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وہاں موجود اسلحہ کا معائنہ کیا۔ دورے کے دوران کمشنر نے اسلحہ کی درست ترتیب، ریکارڈ کی مکمل دستیابی اور اس کی حفاظت کے انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے مالخانے میں صفائی ستھرائی کو مزید بہتر بنانے اور سیکیورٹی اقدامات کو مؤثر بنانے پر زور دیا۔ کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ اسلحہ کی حفاظت اور ریکارڈ کی درستگی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، اور مالخانہ کی نگرانی کے نظام کو مزید فعال بنایا جائے۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں