یونین کونسل کی سطح پر ترقیاتی منصوبہ بندی بلوچستان کی دیہی ترقی کے لیے اہم قدم ہے، سیکریٹری عبدالرؤف بلوچ

کوئٹہ(این این آئی)لوچستان حکومت محکمہ لوکل گورنمنٹ نے گوادر لسبیلہ لائیولی ہوڈ سپورٹ پراجیکٹ کے تعاون سے ضلع گوادر اور لسبیلہ کے چالیس یونین کونسل کے لیے ترقیاتی منصوبے تشکیل دیئے ہیں ان منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ عبدالرؤف بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ حکومت بلوچستان کی ہدایات کی روشنی میں دیہی ترقی کے لیے کوششیں کررہی ہے اور اس کے لیے باقاعدہ جامع منصوبے تشکیل دیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ نے ایفاد کے مالی تعاون سے گوادر لسیبلہ لائیولی ہوڈ سپورٹ پراجیکٹ کے ذریعے دیہی ترقیاتی منصوبے تشکیل دیے گئے ہیں جو کہ اس بات کی غماض ہے کہ حکومت شراکت داری کے ذریعے مقامی آبادی کی ضروریات کے مطابق پائیدار منصوبوں کے ذریعے بلوچستان کے تمام اضلاع میں نافذکیے جائیں گے۔ سیکریٹری لوکل گورنمنٹ عبدالرؤف بلوچ نے کہا کہ پالیسی سازی حکومتی وسائل کے بہتر استعمال کے لیے اہمیت کے حامل ہیں اگر مقامی سطح پر ہر اسٹیک ہولڈر اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے تو بلوچستان کی دیہی آبادیوں کے لیے بہتر سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جاسکتی ہے۔ یونین کونسل منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے سیکریٹری اسپورٹس اور یوتھ افیئرز دْرا دشتی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈیپارٹمنٹ کے لیول پر پالیسی سازی کسی بھی شعبے کی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف سرکاری اور غیر سرکاری ادارے مقامی اور صوبائی سطح پر پراجیکٹس پر کام کررہی ہیں۔ اگر ان پراجیکٹس کے درمیان کوارڈینیشن کے ذریعے منصوبہ بندی کی جائے تو مقامی آبادیوں اور خاص کر نوجوانوں کی فلاح کے لیے کئی راستے ہموارہوسکتے ہیں۔ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ گل محمد بلوچ نے شرکاہ کو یونین کونسل ڈویلپمنٹ پلان کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پہلی دفعہ سرکاری سطح پر مقامی آبادیوں کے لیے دیہی ترقیاتی منصوبے تشکیل دیے گئے ہیں کہ جس سے بلوچستان کے اضلاع میں دیہی ترقی کے لیے مواقع پیدا ہوجائیں گے اور اداروں کے درمیان بہتر رابطہ سازی کو ممکن بنایاجاسکتاہے۔ جی ایل ایل ایس پی پروجیکٹ کے پروگرام اسپیلسٹ محمد آصف لہڑی نے کہا کہ گوادر لسبیلہ لائیولی ہوڈ سپورٹ پراجیکٹ حکومت بلوچستان اور انٹرنیشنل فنڈ فار ایگریکلچر ڈویلپمنٹ (ایفاد) کا چھ سالہ پراجیکٹ ہے جس کا مقصد ضلع گوادر اور لسبیلہ کی عوام کی زندگیوں کو بہتر بنانے اور ماہی گیری و دیہی ترقی کو فروغ دینا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں